رواں سال اگست تک کورونا کی ویکسین علاج کے لئے دستیاب ہو سکتی ہے

آکسفورڈ یونیورسٹی کرونا کی ممکنہ ویکسین تیار کرچکی ہے اور 10 ہزار کے قریب رضاکاروں پر آزمائش کا سلسلہ بھی جاری ہے، غیر ملکی خبررساں ادارہ

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 4 جولائی 2020 12:07

رواں سال اگست تک کورونا کی ویکسین علاج کے لئے دستیاب ہو سکتی ہے
لندن(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جولائی2020ء) رواں سال اگست تک کورونا کی ویکسین علاج کے لئے دستیاب ہو سکتی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کرونا کی ممکنہ ویکسین تیار کرچکی ہے اور 10 ہزار کے قریب رضاکاروں پر آزمائش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر کی جانے والی آزمائش کے بعد اس بات کی امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اگست تک ویکسین استعمال کرنے کے لئے دستیاب ہو جائے گی۔

دوسری جانب کرونا ویکسین کی تیاری میں شامل کمپنی ’اسٹرا زینیکا‘ پیشگی اعلان کرچکی ہے کہ انسانوں پر کامیاب تجربے کے بعد 30 ملین کے قریب ویکسین کی خوراک تیار کریں گے۔ ابتدائی طور پر ماہرین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ویکسین اگست تک موجود ہو گی، تا ہم دوسری جانب ماہرین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ ویکسین کی تیاری میں کچھ مہینے بھی لگ سکتے ہیں، تا ہم کچھ ماہرین نے اکتوبر تک ویکسین موجود ہونے کی امید بھی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

آکسفورڈ یونیورسٹی کے ایک پروفیسر ’اڈریان ہل‘ کا کہنا تھا کہ رواں سال اگست سے ستمبر تک کرونا ویکسین سے متعلق حتمی رائے سامنے آئے گی، اکتوبر میں مارکیٹس میں دوا کی فراہمی کا آغاز ہوسکتا ہے۔ خیال رہے کہ چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اس وقت دنیا بھر کے ماہرین کی جانب سے کورونا کی ویکسین تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن اس میں ابھی تک کسی قسم کی کوئی کامیابی سامنے نہیں آئی۔ دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1 کروڑ 11 لاکھ 93 ہزار 565 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 29 ہزار 127 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 43 لاکھ 33 ہزار 103 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 836 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 63 لاکھ 31 ہزار 335 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 32 ہزار 101 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28 لاکھ 90 ہزار 588 ہو چکی ہے۔