بغداد کے شمال میں داعش کے زیر زمین کیمپ کا انکشاف

ہفتہ 4 جولائی 2020 13:58

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے دارالحکومت بغداد کے شمال میں داعش دہشت گرد گروہ سے متعلق ایک زیر زمین کیمپ کا انکشاف کیا ہے۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی بیالیسویں ڈویژن کے کمانڈر علی الجبوری نے اعلان کیا ہے کہ اس کیمپ کا انکشاف بغداد کے شمال میں طارمیہ کے علاقے میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس کیمپ کو داعش دہشت گرد گروہ اپنے عناصر کی تربیت کے لئے استعمال کرتا تھا جبکہ اس کیمپ کے انکشاف سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے اور آئندہ دنوں علاقے کی سلامتی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔بغداد کے شمال میں داعشی عناصر کا صفایا کرنے کے لئے کاروائی کا پہلا مرحلہ عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی کی ہدایات پر شروع ہوا اور پہلے ہی روز دہشت گرد عناصر کا تعاقب کر کے تین دہشت گردوں کو گرفتار اور ان سے کافی مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔بغداد کے شمال میں کی جانے والی اس کارروائی میں عراقی کی سیکورٹی فورس اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کو عراقی پولیس اہلکاروں، ٹاسک فورس اور عراقی فضائیہ کی بھی مدد حاصل ہے۔