امریکہ کا244واں یوم آزادی پابندیوں اور بندشوں کا شکار

1776کے بعد پہلا موقع ہے جب امریکی شہری گھروں تک محدودرہ کر آزادی کا دن منائیں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 4 جولائی 2020 14:09

امریکہ کا244واں یوم آزادی پابندیوں اور بندشوں کا شکار
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جولائی ۔2020ء) امریکہ کا244واں یوم آزادی آج منایا جارہا ہے مگر یہ یوم آزادی اس لحاظ سے منفرد بن گیا ہے 4جولائی1776سے لے آج تک امریکی بندشوں اور پابندیوں میں آزادی کی خوشیاں منائیں گے کورونا وائرس کی وجہ سے پہلی مرتبہ پریڈز ‘ آتش بازی کے مظاہرے اور دیگر تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں، ساحلی مقامات اور بارز بند رہیں گے جبکہ صحت عامہ کے حکام خبردار کررہے ہیں کہ یہ ویک اینڈ امریکیوں کے ضبط و تحمل کا اہم امتحان ثابت ہوگا جس میں کامیابی یا ناکامی سے کورونا وائرس کی وبا کا رخ متعین ہوسکتا ہے.

امریکی شہری کرسمس کے بعد 4جولائی کو بھرپور اندازمیں مناتے ہیں اور خاندان جمع ہوتے ہیں مختلف پکوان پکائے جاتے ہیں ‘مارکیٹوں میں بھی رش بڑھ جاتا ہے مگر اس سال پورے امریکا میں شہری گھروں میں دبکے بیٹھے ہیں اور لاک ڈاﺅن کی وجہ سے جہاں انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے وہیں مارکیٹس اور شابنگ مالزجزوی طور پر بند ہونے سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑررہا ہے.

بتایا جارہا ہے کہ امریکا چین اور دیگر ممالک سے آرائش اور سجاوٹ کا جو سامان درآمد کرتا تھا اس سال کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے بہت سارا مال امریکا نہیں پہنچ پایا ایک رپورٹ کے مطابق عام امریکی شہریوں کا خیال ہے کہ طبی ماہرین فارماسوٹیکل مافیاکے ساتھ مل کر انہیں خوفزدہ کررہے ہیں ‘شگاگو کے ایک مقامی جریدے کے مدیر لکھتے ہیں کہ امریکا جیسے ملک میں کسی صحافی یا ادارے کو آزادانہ تحقیقات کی اجازت نہیں تمام اعدادوشمار عالمی فارماسوٹیکل مافیا کے ایجنٹ نام نہاد طبی ماہرین اور ادارے فراہم کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ کانگریس اور سینٹ عوام کے نمائندے ہونے کا حق ادا کریں اور سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کی جائے جو سارے معاملے کی آزدانہ تحقیقات کرئے.

ادھر حکومت کا کہنا ہے کہ امریکہ کی 50 میں سے 40 ریاستوں میں کیسز بڑھ رہے ہیں گورنروں نے عوامی مقامات پر ماسک پہننے کا حکم دیا ہے اور لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ یوم آزادی گھر پر منائیں اور مہمان مدعو نہ کریں‘ماہرین صحت کو خدشہ ہے کہ اس ہفتے اگر پارٹیاں، پکنک اور پریڈز کا اہتمام کیا گیا تو کورونا وائرس کے کیسز مزید بڑھ جائیں گے. ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل کی کنگز کاﺅنٹی کے صحت عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جیف ڈوچن کا کہنا ہے کہ ہم تقریبات کرنے والوں کو گرفتار تو نہیں کریں گے لیکن ہم ان کی حوصلہ شکنی ضرور کریں گے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ضرور خاندان کے چند لوگوں کے ساتھ پارٹی کرنا چاہتا ہے تو اسے احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا‘ایک دوسرے کے چمچے کانٹے یا کوئی اور شے استعمال نہ کریں، بار بار اشیا ایک دوسرے کو نہ دیں کیونکہ اس طرح وائرس پھیل سکتا ہے.

میموریل ڈے پر بھی اسی طرح کے مشورے دیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

لیکن لوگ گھروں سے نکلے اور ساحل سمندر، ریسٹورنٹس اور خاندان کی تقریبات کا رخ کیا اس کے بعد سے امریکہ میں یومیہ کیسز کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا اور دوگنا سے زیادہ تعداد دیکھنے میں آئی‘جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق گزشتہ روز امریکہ میں 52300 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ریاست کیلی فورنیا، فلوریڈا اور ٹیکساس زیادہ متاثر ہوئی ہیں.

اس سب کے باوجود ملک کے مختلف حصوں میں آتش بازی کے کچھ مظاہرے اور عوامی تقریبات کا اہتمام ہوگا اور ان میں سے بیشتر میں سماجی فاصلے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا ریاست اوہائیو میں اپر آرلنگٹن میں چار جولائی کی پریڈ کے لیے زیادہ لمبا راستہ اختیار کیا جائے گا، تاکہ سڑکوں پر ہجوم نہ ہو ریاست نیومیکسیکو کے شہر الباکرکی میں آتش بازی چار مقامات پر ہوگی تاکہ لوگ کسی ایک مقام پر جمع ہونے کے بجائے اپنے گھر سے اس کا نظارہ کرلیں.

صدر ٹرمپ جنوبی ڈکوٹا پہنچ گئے ہیں جہاں ماﺅنٹ رشمور میں آتش بازی کی جائے گی وہ دارالحکومت واشنگٹن واپس آکر تقریبات میں شرکت کریں گے جہاں نیشنل مال پر ایک میل طویل پائروٹیکنیک ڈسپلے شو ہوگا اس کے لیے تین لاکھ ماسک تقسیم کیے جائیں گے لیکن ان کی پابندی نہیں ہے. یہ تقریب واشنگٹن کی مئیر کے اعتراضات کے باوجود منعقد کی جارہی ہے مورئیل باﺅزر کا کہنا ہے کہ اپنے آپ سے پوچھیں کہ کیا آپ کو وہاں جانے کی کوئی ضرورت ہے؟ اپنے آپ سے پوچھیں کہ کیا آپ توقع کرسکتے ہیں کہ کون آپ کے اردگرد ہوگا؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ جائیں گے تو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے قابل ہوں گے؟موسم گرما کا روایتی آغاز سمجھے جانے والے میموریل ڈے پر کھولے گئے بہت سے ساحلی مقامات اس بار بند ہوں گے جن میں جنوبی فلوریڈا، جنوبی کیلی فورنیا اور ٹیکساس میں خلیج میکسیکو کے ساحل شامل ہیں.

سینٹر فور ڈیزز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے امریکیوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ ساحل پر جائیں تو فیس ماسک ضرور لگائیں، لیکن پانی میں ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے‘ریاست ڈیلاوئیر کے گورنر نے بعض ساحلی شہروں میں تعطیلات کے دوران بارز کو بند رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ فیس ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کررہے. ریاست نیوجرسی کے ساحلی شہر ولڈووڈ اور اوہائیو کے لیک ایری کے قصبے پٹ ان بے میں آتش بازی منسوخ کردی گئی ہے ریاست مشی گن کے گورنر نے بھی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کیسز بڑھ رہے ہیں اس لیے سمجھ داری کا مظاہرہ کریں.

الاباما ہاسپٹل ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر ڈون ولیم سن کا کہنا ہے کہ وہ چار جولائی کے بارے میں بہت زیادہ فکرمند ہیں انہوں نے کہا کہ اس دن لوگوں کا رویہ طے کرے گا کہ باقی موسم گرما کیسا گزرے گا.