مقبوضہ کشمیر،حریت رہنمائوں، تنظیموں کی شہری کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت

بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے،خواجہ فردوس

ہفتہ 4 جولائی 2020 14:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے بیگناہ شہری بشیر احمد خان کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطا بق بھارتی فوجیوں نے بدھ کے روز بشیر احمد کو اپنی کار سے باہر گھسیٹ کر انہیں کمسن نواسے کے سامنے گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل مووومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وحشیانہ کارروائیوں کی تازہ مثال شہری بشیر احمد خان کا اپنے تین سالہ نواسے کے سامنے قتل ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ فردوس نے کہا کہ بے گناہ شہری کا قتل عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کیلئے چشم کشا ہے ۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ کمسن بچہ اپنے نانا کے بہیمانہ قتل کا عینی شاہد ہے جس نے بعد ازاں بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے کس طرح سے بشیر احمد کو کار سے باہر گھسیٹ کو ان پر گولیاں چلائیں۔ تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ سوپور میں شہری بشیر احمد کا بہیمانہ قتل عالمی برادری کیلئے چشم کشاہے۔

انہوںنے کہا کہ سوپور کا دلدوز واقعہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ علاقے میں جاری ظلم و ستم کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ تحریک وحدت اسلامی کے ترجمان نے سنگین جرم میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کی فوری شناخت کر کے انہیں انصاف کے کٹہر ے میں کھڑے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے قتل عام پر اپنی مجرمانہ خاموشی توڑ کر بھارت سے اس بارے میں جواب طلب کرے اور اس پر تنازعہ کشمیر کو کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے دبائو ڈالے۔

دریں اثنا جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے نائب چیئرمین امتیاز وانی نے اسلام آبا دمیںجاری ایک بیان میں سوپور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج ایک وحشی فوج میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ عالمی برادری اور اسلامی تعاون تنظیم کو چاہیے کہ وہ سوپور واقعے کا فوری نوٹس لیں اور بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکیں۔