Live Updates

مائنس ون کی بات آئی تو پھر مائنس 3 ہوگا. شیخ رشید احمد

اپوزیشن حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی‘یہ طے ہوچکا کہ اپوزیشن نالائق، کرپٹ ہے. وزیرریلولے کی پریس کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 4 جولائی 2020 14:32

مائنس ون کی بات آئی تو پھر مائنس 3 ہوگا. شیخ رشید احمد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جولائی ۔2020ء) وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ ہم آخری چوائس ہیں نہ ہم مائنس ون ہیں لیکن اگر مائنس ون کی بات آئی تو پھر مائنس 3 ہوگا‘لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہت محنت کرکے حکومت چلانے کی کوشش کررہے ہیں پھر مائنس ون نہیں ہوگا، مائنس تھری ہوگا.

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین سے گزارش کرتا ہوں کہ اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر نہ دھوئیں‘انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وہ کام نہیں کررہی جو بعض سرکاری وزرا کررہے ہیں اپوزیشن کچھ نہیں بگاڑ سکتی کیوں کہ یہ طے ہوچکا کہ اپوزیشن نالائق، کرپٹ ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب ہم نے ڈیلیور کرنا ہے ذمہ داری ہمارے اوپر ہے کہ ہم کس طرح عوام کو ڈیلیور کرسکتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کو کس طرح ثابت کرسکتے ہیں لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر دھو رہے ہیں اور جو کام اپوزیشن نہیں کرسکتی وہ ہم اپنے خلاف کررہے ہیں.

بلاول بھٹو کی جانب سے آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کے الزام کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کو عدالت میں بلا کر کیوں مارا جائے گا ساری قوم کو انہوں نے دولت لوٹ کر مار دیا‘انہوں نے کہا کہ ساری قوم کا معیار اتنا کم ہے کہ 14 وزارتیں چلانے والے شخص کو 5 لاکھ کے عوض بھی ایک انجیکشن دستیاب نہیں تھا اور نیشنل ڈزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین جنرل محمد افضل نے اس کا بندوبست کیا.

حال ہی میں کووِڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس بہت سنجیدہ اور خوفناک بیماری ہے مجھ پر 4 خود کش حملے ہوئے جس میں میرے ساتھی شہید ہوئے لیکن میں نہیں گھبرایا لیکن یہ بیماری اللہ تعالیٰ کسی دشمن کو بھی نہ لگائے، اللہ شہباز شریف کو بھی صحت دے‘شیخ رشید نے کہا کہ فوج کورونا وائرس، ٹڈی دل کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے اور سیلاب کے خلاف تیاریاں کررہی ہے، پاکستان کی فوج وہ عظیم فوج ہے جو اصل میں اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور جانتی ہے کہ اسے کیا کرنا ہے.

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، دونوں پارٹیاں رنگے ہاتھوں پکڑی ہوئی ہے ان کے خلاف اتنے سنگین کیسز ہیں کہ ان کی جان نہیں چھوٹ سکتی‘شیخ رشید نے کہا کہ مجھے پتا تھا کہ نواز شریف چلیں جائیں گے اس لیے کہتا تھا کہ انہیں جانے دو کیا فرق پڑتا ہے اور پھر وہ چلے گئے. شیخ رشید نے کہا کہ میں نے چینی برآمد کی مخالفت کی تھی اور کابینہ، کابینہ کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس میں میرا واحد اختلافی نوٹ ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چینی برآمد نہیں ہونی چاہیئے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات