سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا ہے، کدھر ہے وہاں کا سخت ترین لاک ڈائون ،شہباز گل

ہر بات پریس کانفرنس کی حد تک ہے، حقیقت میں زیرو ہے، کاروکاری، اغوا، گھوسٹ اسکول اور اسپتال، نہ غریب عوام کا کوئی پرسان حال ہے، معاون خصوصی کا بلاول بھٹوزر داری کو جواب

ہفتہ 4 جولائی 2020 18:25

سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا ہے، کدھر ہے وہاں کا سخت ترین لاک ڈائون ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا اور پھیل رہا ہے، کدھر ہے وہان کا سخت ترین لاک ڈائون۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں سب سے زیادہ کورونا مریض سندھ میں صحت یاب ہوئے، یہ فخر کی بات نہیں ہے ، پرچی چیئرمین اس کا مطلب سب سے زیادہ سندھ میں لوگ بیمار ہوئے تھے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ کورونا سندھ میں پھیلا اور پھیل رہا ہے، کدھر ہے آپ کا سخت ترین لاک ڈائون ۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہر بات پریس کانفرنس کی حد تک ہے، حقیقت میں زیرو ہے، کاروکاری، اغوا، گھوسٹ اسکول اور اسپتال، نہ غریب عوام کا کوئی پرسان حال ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہر روز بے بی بلاول سمیت ہر وزیر، وفاقی حکومت کو بھاشن دینے شروع ہوجاتے ہیں۔شہباز گل نے کہا کہ 30 سال سے اس طرح کے واقعات ہی سندھ کے غریب عوام کا مقدر ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں میں سندھ سب سے آگے ہے، صوبے میں 46 ہزار 824 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔