مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی ایجنڈہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے‘ احسن اقبال

ہم سے الیکشن چھینا گیا،تنظیمی عہدوں پرنظریاتی اور اہل افراد کو لایا جائے،ٹائیگر فورس سیاسی مقاصدکا ایجنڈا ہے‘سیکرٹری جنرل نوازشریف کیخلاف کرپشن کا پروپیگنڈہ وقت کے ساتھ غلط ثابت ہورہا ہے،ثابت ہو گیا نوازشریف بے گناہ تھے‘رانا ثنااللہ خان احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت تنظیمی اجلاس ،پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا

ہفتہ 4 جولائی 2020 18:41

مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی ایجنڈہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے‘ احسن اقبال
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی ایجنڈہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے،ہم سے الیکشن چھینا گیا،تنظیمی عہدوں پرنظریاتی اور اہل افراد کو لایا جائے،ٹائیگر فورس کا کورونا وائرس کیلئے امدادی سرگرمیوںسے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ سیاسی مقاصدکا ایجنڈا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت تنظیمی اجلاس منعقد ہوا جس میںپنجاب کے جنرل سیکرٹری اویس لغاری،سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری،عطااللہ تارڑاور دیگر رہنمائوںنے شرکت کی ۔اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال اور آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی تنظیموں کو مثالی بنایاجائے گا ،الائیڈ ونگز اور یوتھ ونگ کی دوبارہ تنظیم سازی کی جا رہی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد مسلم لیگ(ن)کے ساتھ ہے،نوجوان پارٹی کا اثاثہ ہیں،مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی ایجنڈہ ہی پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے۔ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جج ارشد ملک کی برطرفی کے فیصلے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتی ہے،نوازشریف کیخلاف کرپشن کا پروپیگنڈہ وقت کے ساتھ غلط ثابت ہورہا ہے،فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ نوازشریف بے گناہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سینئر اور جونیئر لوگوں کے ساتھ مل کر تنظیمیں مکمل کی جا رہی ہے،تنظیم سازی کے عمل سے ہی پارٹی کو نچلی سطح تک مضبوط کیا جائے گا،پارٹی کے تنظیمی عہدیداران کو پارٹی فیصلوں میں فیصلہ کن کردار دیا جائے گا۔