نوجوانوں کی ترقی، خوشحالی اور خود مختاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،عثمان ڈار

وزیراعظم کی لیڈرشپ میں حکومت نوجوان افرادی قوت کو اکنامک فورس بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے mنیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک وضع کیا گیا ہے تاکہ نوجرانوں کے لیے معیاری تعلیم ، روزگار اور معاش سرگرمیوں میں شراکت داری کو یقینی بنایا جاسکے،وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے یوتھ افیئرز

ہفتہ 4 جولائی 2020 20:11

نوجوانوں کی ترقی، خوشحالی اور خود مختاری حکومت کی اولین ترجیحات میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جولائی2020ء) وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی ترقی، خوشحالی اور خود مختاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ ملازمتیں دینے کے بجائے دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے قابل ہوں۔ وہ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد کے ہمراہ لاہور چیمبر میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

صوبائی وزیر برائے سپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق، چیئرمین انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ الماس حیدر نے بھی خطاب کیا ، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور سیالکوٹ چیمبر کے صدر اشرف ملک بھی اس موقع موجود تھے جبکہ شاپس آن وہیلز کے نام سے ایک نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان آبادی کے حوالے سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے ، 64 فیصد آبادی کی عمر 30سال سے کم ، 29فیصد آبادی کی عمر 15سے 29سال کے درمیان ہے، 15سے 29سال کے درمیان عمر والے لوگ پاکستان کی افرادی قوت کا 41.6فیصد حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی لیڈرشپ میں حکومت نوجوان افرادی قوت کو اکنامک فورس بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک وضع کیا گیا ہے تاکہ نوجرانوں کے لیے معیاری تعلیم ، روزگار اور معاش سرگرمیوں میں شراکت داری کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کی صالاحیتوں اور ہنرکو اجاگر کرکے آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیںجنہیں ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد روز گار کی تلاش یا بہتر روزگا ر کے مواقعوں کے حصول میں بیرون ملک چلی جاتی ہے ،جو ملکی معیشت کیلئے نقصان کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک اتنی بڑی تعداد میں افرادی قوت کی کمی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے حکومت پر ذور دیا کہ ایسے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جو انسانی وسائل کو بیرون ملک جانے پر مجبور کرتے ہیں ۔ انہوں نے کامیاب نوجوان پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کم تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھی اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے تعلیمی اداروںاور صنعتوں کے آپس میں روابط کے استحکام کی اہمیت پر زور یتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعتوں کے لئے موزوں افرادی قوت کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پاور، کان کنی ، مینوفیکچرنگ اور سروس انڈسٹری میں روز گار کے نئے مواقع پیدا کرے۔ زراعت میں ویلیو ایڈیشن پر توجہ دے جبکہ پروسیسڈ اور سیمی پروسیسڈ زرعی انڈسٹری میں نئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں ۔ قبل ازیں وزیراعظم کے مشیر، لاہور چیمبر کے عہدیداروں و دیگر نے نمائش کا دورہ کیا۔