فرنٹ لائن ورکرز نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر گزشتہ 100 دنوں سے کورونا کے خلاف جنگ لڑی ہے، ڈپٹی کمشنرنوشہروفیروز

ہفتہ 4 جولائی 2020 21:28

نوشہروفیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) ہمارے فرنٹ لائن ورکرز نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر گزشتہ 100 دنوں سے کورونا کے خلاف جنگ لڑی ہے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال شاہد را نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی ہال میں عزم و ہمت کے سو دن کے عنوان سے منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب کا مقصد عزم وہمت کے 100 دن منانا ہے ۔

گزشتہ 100 دنوں میں ہمارے ضلع کے 91 لوگوں ڈیوٹی دینے ہوئے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والا ٹائم مزید خراب بھی ہوسکتا ہے اور ممکن ہے کہ بہتر ہوجائے اس لئے ہمیں احتیاط کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر میں فرنٹ لائن ورکرز جس میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل عملہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، احساس پروگرام ، نادرہ اور پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے اہلکارشامل ہیں میں سب کا شکر گزار ہوں جن کی وجہ سے کورونا وائرس کو شکست دینے کی کوشش کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوشہروفیروز کے شہری کو پلازمہ عطیہ کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لاکھ ستاون ہزار شہریوں کو احساس کفالت پروگرام کے تحت امدادی رقم فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال نوشہروفیروز میں 20 بیڈ کا نیا ایچ ڈی یو وارڈ قائم کیا گیا ہے جہاں پر آکسیجن کے علاوہ ایئرکنڈشنر کی سہولت دستیاب ہے۔اس سے قبل اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مظہر کلہوڑو نے کہا کہ کورونا سے لڑنے والوں میں ڈاکٹروں کا اہم کردار ہے۔

کورونا مریض کو دیکھ کر لوگ بھاگ جاتے ہیں لیکن ڈاکٹر موجود رہتے ہیں اس مہم میں ڈاکٹروں نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس مہم میں میڈیا کا بڑا کلیدی کردار رہا ہے۔ اس موقع پر پلازمہ عطیہ کرنے والے شہری عباس علی کے علاوہ محکمہ صحت کے ڈاکٹروں،پیرامیڈیکل عملے کے علاوہ پولیس، پاک فوج، انفارمیشن ،روینیو ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔