اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان

ہفتہ 4 جولائی 2020 21:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ کشمیر، خطہ پوٹھوہار اورشمال مشرقی پنجاب میں بعض مقامات پرموسلادھاربارش بھی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) اتوار کے روز خیبرپختونخوا، بالائی/وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، اسلام آبا د،کشمیراورگلگت بلتستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران کشمیر، خطہ پوٹھوہار اورشمال مشرقی پنجاب میں بعض مقامات پرموسلادھاربارش متوقع ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بارش اسلام آباد ( سید پور 39، گولڑہ 25، زیرو پوائنٹ 18، بوکرہ 10، ایئر پورٹ 04) میں ہوئی۔

اس کے علاوہ پنجاب میں جوہر آباد 22، راولپنڈی (شمس آباد 10، چکلالہ 05)، چکوال04، مری 01، خیبر پختونخوا: بالائی دیر 14، بنوں 07، ڈی آئی خان 03، کاکول 02، چراٹ 01، گلگت بلتستان میں بونجی 02 اور کشمیر: راولاکوٹ کے مقام پر 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتے کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو 48، موہنجوداڑو 47، بہاولپور اور رحیم یار خان میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔