رینجرز(سندھ) اور پولیس کی مشترکہ کارروائی،پی ایس پی کے کارکن کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث2ملزمان گرفتار

ہفتہ 4 جولائی 2020 22:01

کراچی۔4 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) پاکستان رینجرز(سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیادپر مشترکہ کارروائی کر تے ہوئے پی ایس پی کے کارکن عاصم محمد خان کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز (سندھ) سے ہفتہ کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 2 جولائی 2020ء کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10میں پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی)کے کارکن عاصم محمد خان کو قتل کر دیا گیا تھا۔

قتل کی ایف آئی آر پولیس اسٹیشن شریف آباد میں نامعلوم ملزما ن کے خلاف درج کی گئی تھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاکستان رینجرز (سندھ)نے تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی، اس اندھے قتل میں ملوث ملزمان سیدنعیم حیدر عرف بڑا اور محمد دانش اقبال عرف ہکلہ کو 48گھنٹے سے کم وقت میں گرفتار کر لیا جبکہ ملزمان کا تیسرا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا 30بورپسٹل بھی برآمد کر لیاگیا ہے۔ جس کی فرانزک رپورٹ موقع واردات سے ملنے والے خول سے تصدیق ہوگئی ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم سیدنعیم حیدر عرف بڑا نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور وہ اس سے قبل بھی فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے۔گرفتارملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز(سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔