وزیر تعلیم پنجاب نے 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کر دی

صوبے میں تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق پھیلی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں، تعلیمی اداروں کو کھولنے کا حتمی فیصلہ وفاق کو کرنا ہے: مراد راس

muhammad ali محمد علی اتوار 5 جولائی 2020 11:04

وزیر تعلیم پنجاب نے 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی2020ء) وزیر تعلیم پنجاب نے 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کی خبروں کی تردید کر دی، مراد راس کا کہنا ہے کہ صوبے میں تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق پھیلی خبریں جھوٹی اور بے بنیاد ہیں، تعلیمی اداروں کو کھولنے کا حتمی فیصلہ وفاق کو کرنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے صوبے میں تعلیمی ادارے 15 اگست سے کھولے جانے کے امکان کے حوالے سے چلنے والی خبروں سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔



ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبریں درست نہیں ہیں۔ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ یا اعلان نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا گزشتہ بیان یہ تھا کہ کرونا کے باعث بننے والے صورت حال پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی صورت میں اسکولوں کو 15 اگست سے سخت ترین ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ہمیں بچوں اور ٹیچرز کی زندگی عزیز ہے۔ تعلیمی اداروں کو کھولنے کا حتمی فیصلہ کرونا وائرس کے بعد بننے والی صورت حال دیکھ کر اور وفاق کو کرنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ پنجاب میں 15 اگست تک تمام سکول کھول دئیے جائیں گے، سکولوں میں بیک وقت تمام طلبہ کو پڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی، پہلے مرحلے میں صرف ضروری کلاسز شروع کی جائیں گی، ایک کمرہ جماعت میں صرف 20 طلبہ کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

تاہم اب اس خبر کی تردید کی گئی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی تعلیمی ادارے مارچ کے ماہ میں بند کر دیے گئے تھے۔ پنجاب میں تعلیمی اداروں کی بندش کو 3 ماہ سے زائد کا وقت ہو چکا ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے حکومت پر مسلسل دباو ڈالا جا رہا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی جائے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اہم اجلاس 7 جولائی کو ہوگا، جس میں تعلیمی ادارے کھولنے یا نہ کھولنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔