جدید جنگی طیاروں سے لیس امریکی بحری بیڑے کی چین کے قریب آمد

یو ایس ایس نیمز اور یو ایس ایس رونلڈ ریگن کی چین کے جنوبی سمندر میں فوجی مشقیں

اتوار 5 جولائی 2020 11:21

جدید جنگی طیاروں سے لیس امریکی بحری بیڑے کی چین کے قریب آمد
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی2020ء) جدید جنگی طیاروں سے لیس امریکی بحری بیڑے کی چین کے قریب آمد، یو ایس ایس نیمز اور یو ایس ایس رونلڈ ریگن کی چین کے جنوبی سمندر میں فوجی مشقیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کے دو طیارہ بردار بحری بیڑوں نے چین کے جنوبی سمندر میں پہنچ کر فوجی مشقیں کی ہیں۔ان مشقوں سے قبل امریکا کے محکمہ دفاع (پینٹاگان) نے چینی فوج کی ایک متنازع جزیرے کے ارد گرد مشقوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

محکمہ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ یو ایس ایس نیمز اور یو ایس ایس رونلڈ ریگن نے ایک آزاد اور کھلے انڈو۔پیسیفک کی حمایت میں پانیوں میں مشقیں کی ہیں۔انھوں نے کہا کہ یہ کوششیں امریکا کی تمام اقوام کے بین الاقوامی قانون کے مطابق طیارے اڑانے اور سمندر میں جہاز چلانے کی حمایت کا مظہر ہیں۔

(جاری ہے)

چین کی متنازع پانیوں میں موجودگی پر اس کے متعدد ہمسایہ ممالک نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔

امریکانے پارسل جزائر سمیت اس علاقے پرچین کے علاقائی ملکیت کے دعووں کو مسترد کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس علاقے پر چین ، ویت نام اور تائیوان تینوں ہی دعوے دار ہیں۔ اس علاقے کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں تیل اور گیس کے بڑے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ اپریل میں چین کے ایک جہاز نے ان جزائر کے نزدیک ویت نام کے مچھیروں کی ایک کشتی کو ڈبو دیا تھا۔اس واقعے کے بعد دونوں ملکوں میں موجود کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ اس علاقے میں چین اور امریکا دونوں اکثر بحری مشقیں کرتے رہتے ہیں۔ تاہم اب امریکا کی تازہ ترین مشقوں کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔