کورونا سے چھٹکارا پاکر معاشی سرگرمیاں بحال کرنے میں کامیاب ہونیوالے ممالک کی پیروی کی جائے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

مشیر تجارت کا برآمدات میںکمی کی بحالی کیلئے برآمد کنندگان سے رابطے اچھا فیصلہ ہے ،عملی پیشرفت کی جائے ‘ چیئر مین اسلم طاہر

اتوار 5 جولائی 2020 11:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی وباء سے چھٹکارا پاکر معمولات زندگی کی جانب لوٹنے والے اور خصوصاًمعاشی سرگرمیاں بحال کرنے والے ممالک کی پیروی کرے ، مشیر تجارت کا برآمدات میں6.83فیصد کمی کی بحالی کیلئے برآمد کنندگان سے رابطے اچھا فیصلہ ہے تاہم اس پر عملی پیشرفت اور برآمد کنندگان کی تجاویز کو اہمیت بھی دی جانی چاہیے ۔

ان خیالات کااظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے ویڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کی ۔اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان، محمد اکبر ملک، میجر (ر)اخترنذیر اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو مقامی سطح پر درپیش مسائل ، کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف ممالک سے رابطوں میں مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد اسلم طاہر نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں ایک قوم بننا ہوگا ، موجودہ حالات میں حکومت کو قیادت کرنا ہو گی اور ہر شعبے کی بلا تفریق سر پرستی کی جائے تاہم برآمدی شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے چھٹکارا پا لینے اور خصوصی طور پر معاشی سر گرمیاں بحال کرنے میں کامیاب ہونے والے ممالک سے تجاویز حاصل کرنے اور ان کی پیروی میں کوئی حرج نہیں ۔موجودہ حالات میں چین کی معاونت انتہائی سود مند ثابت ہو سکتی ہے اس لئے رابطوں کا سلسلہ بڑھا جائے اور ویڈیو لنک کے ذریعے مشترکہ اجلاس کے انعقاد کیلئے انتظامات کئے جائیں۔