مصر میں سینیٹ کے انتخابات 11 اور 12 اگست کو منعقد کرانے کا اعلان

سینیٹرز کونسل کے دو تہائی ارکان کا عوام انتخاب کریں گے اور باقی ایک تہائی ارکان کا صدر تقرر کریں گے،الیکشن کمشنر

اتوار 5 جولائی 2020 12:10

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) مصر نے پارلیمان کے دوسرے ایوان سینیٹ کے 11 اور 12 اگست کو پہلے انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصر کے الیکشن کمشنر لاشین ابراہیم نے بتایا کہ پارلیمان کے ایوان بالا المعروف بہ سینیٹرز کونسل کے دو تہائی ارکان کا عوام انتخاب کریں گے اور باقی ایک تہائی ارکان کا صدر تقرر کریں گے۔

واضح رہے کہ سینیٹروں کی کونسل کے قیام کے لیے مصر کے آئین میں گذشتہ سال ترامیم کی گئی تھیں۔یہ ایوان 180 ارکان پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

لاشین ابراہیم نے کہا کہ دنیا بھر میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی وبا کے دور میں انتخابات کا انعقاد اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم خود کو اور معاشرے کو تحفظ مہیا کرنے کے لیے متعدد پیشگی حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

انھوں نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر کرونا وائرس سے بچا کے لیے صحت کی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کی جائے گی۔تمام ووٹروں اور پولنگ عملہ کو چہروں پر ماسک پہننا ہوں گے اور سماجی فاصلے کے لیے رہ نما ہدایات کی پابندی کرنا ہوگی۔لاشین ابراہیم نے مزید بتایا کہ سینیٹ کے انتخابات کے نتائج کا اعلان 19 اگست کو سرکاری گزٹ میں شائع کردیا جائے گا۔