کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے، طویل لوڈشیڈنگ کا وزیر اعظم نوٹسں لیں،طارق حسن

کے الیکٹرک نے صارفین کو لاکھوں روپے کا مقروض کردیا صارفین یہ رقم کسی صورت میں ادا نہیں کرینگے،صدر مسلم لیگ(ق)

اتوار 5 جولائی 2020 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2020ء) پاکستان مسلم لیگ(ق)سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے کہا ہے کراچی کے عوام کے الیکٹرک کے مظالم سے تنگ ہوگئے ہیں حکومت کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے انہوں نے کہا کے الیکٹرک نے سازش کے تحت کراچی کے تقریبا ہر گھر کو اوور بلنگ کرکے لاکھوں روپے کا مقروض کردیا اور یہ ناجائز اوور بلنگ ادا نہ کرنے پر لائن منقطع کی جارہی ہیں انہوں نے کہا اب کے الیکٹرک نے اوور بلنگ وصول کرنے کا نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے کہ یہ رقم واجب الادا ہے صرف کرنٹ بل ادا کردو. آخر کے الیکٹرک کو کون لگام دے گا عوام کے الیکٹرک ناجائز بلز کی ادائیگی کے باوجود لوڈشیڈنگ سمیت دوہرے عذاب کو برداشت کرنے پر مجبور ہیں طارق حسن نے مزید کہا کہ شنید ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے اربوں روپے کمانے اور تانبے کے تار فروخت کرکے کے الیکٹرک کو شنگھائی الیکٹرک کو دینے کی تیاری کرکے فرار ہونے کے اقدامات کررہی ہے وزیراعظم پاکستان اس صورتحال کا مکمل جائزہ لیں اور کے الیکٹرک نے صارفین پر جو لاکھوں روپے کا مقروض کیا اسکو ختم کرائیں اور لوڈشیڈنگ میں مبتلا کیاگیا اس سے نجات دلائیں.