ضلع بھر میں 19 عارضی مویشی منڈیاں 15جولائی سے قائم کر دی جائیں گی،ڈپٹی کمشنر

اتوار 5 جولائی 2020 20:20

لالہ موسیٰ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2020ء) عیدالضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کیلئے ضلع بھر میں 19 عارضی مویشی منڈیاں 15جولائی سے قائم کر دی جائیں گی،کرونا وبا سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام عارضی مویشی منڈیا شہری علاقوں سے باہر لگیں گی، ان منڈیوں کے ساتھ جانوروں کی قربانی کے لئے سلاٹر ہاوس بھی بنائے جائیں گے۔

یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں اے ڈی سی جی توقیر الیاس چیمہ، اے سی گجرات محمد جمیل، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قمر ذیشان، چیف آفیسرز محمود اقبال گوندل، خاور گجر، مشرف بیگ و دیگر نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ تحصیل گجرات میں پرانے ائیر پورٹ، باب گجرات ،نزد بولے پل، شیخ سکھا، کھاریاں روڈ جلالپور جٹاں نزد سلاٹر ہاوس،شہباز پور روڈ اور مویشی منڈی منگوال،نزد رمضان رائس ملز کنجاہ اور شادیوال، تحصیل کھاریاں میں باالمقابل نادار آفس کھاریاں، جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ، منڈی روڈ ڈنگہ،کوٹلہ ارب علی خاں، گلیانہ، موضع جوڑا،موضع صبور، سرائے عالمگیر میں جی ٹی روڈ نزد پولیس اسٹیشن اور چھپراں ریلو ے کراسنگ کے علاقہ میں مویشی منڈیاں قائم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ ضلع کے انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر مویشیوں پر سپرے کا چھڑکاؤ یقینی بنائے، اسی طرح منڈیوں میں بھی سٹالز قائم کئے جائیں تاکہ بوقت ضرورت بیمار جانوروں کا علاج کیا جاسکے جبکہ عیدالضحیٰ کے ایام میں منڈیوں کیساتھ قائم سلاٹر ہاوسز میں قربانی کیلئے قصابوں کی رجسٹریشن کی جائے۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ منڈیوں میں شکایات سنٹر، انتظار گاہ، پینے کیلئے پانی، سائے، روشنی کا انتظام یقینی بنائیں، منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے سول ڈیفنس اور پولیس اہلکار ڈیوٹی دینگے، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں جبکہ پولیس ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے جامع پلان وضع کرے۔