حکومت نے شالیمار ایکسپریس کو بند کرنےکا فیصلہ کرلیا

ٹرین کو15 جولائی سےلاہور کراچی کیلئے بند کیا جارہا ہے، شالیمار کی جگہ موہنجو داڑو ٹرین کو بحال کردیا جائے گا، ٹرین کو بند کرنے کا فیصلہ وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایت پرکیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 جولائی 2020 20:29

حکومت نے شالیمار ایکسپریس کو بند کرنےکا فیصلہ کرلیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی 2020ء) حکومت نے شالیمار ایکسپریس کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، ٹرین کو15 جولائی سےلاہور کراچی کیلئے بند کیا جارہا ہے، شالیمار کی جگہ موہنجو داڑو ٹرین کو بحال کردیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر محکمہ ریلوے نے لاہور اور کراچی کیلئے براستہ فیصل آباد چلنے والی شالیمار ایکسپریس کو 15 جولائی سے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

شالیمار کی جگہ کراچی سیہون شریف سیکشن ایم ایل ٹو پر موہنجو داڑو ٹرین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شالیمار ایکسپریس سے صبح کے اوقات میں لاہور سے کراچی جاتی تھی۔ یہ ٹرین براستہ فیصل آباد، ملتان، لودھراں، رحیم یار خان، بہاولپور، سمہ سٹہ، نوابشاہ اور حیدرآباد سے کراچی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

اس ٹرین پر زیادہ تر تاجر برادری اور کاروباری طبقہ سفر کرتا تھا۔

ٹرین کی بندش پر تاجر برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واضح رہے گزشتہ دو دنوں میں 2ٹرینوں کے حادثات ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز رحیم یار خان میں شالیمار ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم ہوا، جٹھہ بھٹہ اسٹیشن پر ٹرینوں میں حادثہ آٹومیٹک کانٹا چینج ہونے کے باعث پیش آیا، شالیمار ایکسپریس کراچی سے لاہور جا رہی تھی کہ 27 شالیمار ایکسپریس اور ڈاؤن سائیڈ کی مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔

ٹرین حادثے کے باعث دونوں سائیڈ کی ٹریفک کو معطل رہی۔ ترجمان ریلوے نے بتایا کہ ٹرین حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے، ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معمولی زخمی ہوئے۔ حادثے کے باعث اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بلاک ہوگیا ہے۔ حادثے میں مال گاڑی کی دو کوچز اور شالیمار انجن کی فرنٹ ٹرالی ڈی ریل ہوئی۔ اسی طرح اس سے قبل فاروق آباد جاتری روڑ پر واقع پھاٹک پر کوسٹر بس ٹرین کے ساتھ ٹکرا گئی تھی، حادثے میں سکھ فیملی کے 22 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پشاور کی سکھ فیملی ننکانہ صاحب فوتگی پر آئے ہوئے تھے کہ ننکانہ صاحب سے واپس پشاور جاتے ہوئے سچا سودا گردوارہ کے پاس کوسٹر بس ڈرائیور نے پھاٹک سے پیچھے کچے راستے سے بس گزارنے کی کوشش کی۔ جس سے فیصل آباد سے لاہور کی طرف جانے والی نان سٹاپ ٹرین کے ساتھ ٹکرا گئی تھی۔