وزیر اعظم عمران خان مسلم امہ کے اتحاد ،ترقی کے وژن کو لے کر بڑے لیڈر کے طور سامنے آرہے ہیں، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری

اتوار 5 جولائی 2020 23:40

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2020ء) وزیر اعظم پاکستان عمران خان مسلم امہ کے اتحاد اور ترقی کے وژن کو لے کر دنیا کے لیڈر کے طور ابھر کر سامنے آرہے ہیں۔ موجودہ دور حکومت میں پاکستان اور ایران کے تعلقات نئے دور میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کوئٹہ میں تعینات ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان برادر ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارتی و ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا قابل ستائش ہے اور پاکستان اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس ملاقات میں باہمی پاک ایران باہمی تعلقات، خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور سی پیک جیسے اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دور حکومت میں پاک ایران باہمی تعلقات کو جو فروغ حاصل ہورہا ہے اس کو ایرانی حکومت اور ایرانی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔