گزشتہ ہفتے پاکستان سٹاک ایکچینج کے انڈیکس میں 1112 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ،کاروباری ہفتہ کے آخری روز پی ایس ایکس 35 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا

پی ایس ایکس کی کارکردگی میں ایک ہزار ایک سو بارہ پوائنٹس یعنی 3.3 فیصد اضافہ خوش آئند ہے ، اقتصادی ماہرین

پیر 6 جولائی 2020 10:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2020ء) گزشتہ ہفتہ کے دوران پاکستان سٹاک ایکچینج کے انڈیکس میں 1112 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے ۔ کاروباری ہفتہ کے آخری روز پی ایس ایکس 35 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرگیا۔ کاروباری ہفتہ کے آغاز پر پی ایس ایکس پر دہشتگرد حملہ کی مذموم کارروائی کے باوجود مسلسل پانچ کاروباری دنوں کے دوران کاروباری حجم میں اضافہ ہوتا رہا اور جمعہ کو کاروبار کا اختتام 35 ہزار 51 پوائنٹس پر ہوا۔

اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ پی ایس ایکس کی کارکردگی میں ایک ہزار ایک سو بارہ پوائنٹس یعنی 3.3 فیصد اضافہ خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ رواں ہفتہ کے دوران بھی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا گا۔ انہوں نے کہا ہفتہ کا آغاز پی ایس ایک پر دہشتگرد حملہ سے ہوا تاہم انتظامیہ نے ایک منٹ کیلئے بھی کاروباری سرگرمیوں کو معطل نہ کیا جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور کاروبار کے اختتام پر مثبت رجحان ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حملہ کو ناکام بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پی ایس ایکس کے گارڈز نے جوانمردی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی کرکے سات فیصد کرنے کے فیصلہ سے بھی کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا کیونکہ سرمایہ کار فکس آمدن اور نیشنل سیونگز کی سکیمز میں سرمایہ کاری کی بجائے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ماہرین نے مزید کہا کہ عالمی بینک ، ایشیائی ترقیاتی بینک، ایشیئن انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک اور چین کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر کی وصولی کی خبریں بھی کاروباری سرگرمیوں کی بہتری میں معاون ثابت ہوئی ہیں۔ ماہرین نے توقع ظاہر کی پی ایس ایکس آنے والے ایام میں بھی مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا اور سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔