ویکسین کی دستیابی کے لیے کوئی بھی ٹائم لائن واضح نہیں، رکن وائٹ ہائوس کورونا وائرس ٹاسک فورس ڈاکٹر سٹیفن ہاہن کا رواں سال تک ویکسین کی دستیابی بارے امریکی صدر کی پیشنگوئی پر شبہ

پیر 6 جولائی 2020 10:55

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2020ء) وائٹ ہائوس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن و امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اینڈمنسٹریشن(ایف ڈی ای) کے کمشنر ڈاکٹر سٹیفن ہاہن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کورونا وائرس کے علاج کے لیے رواں سال تک ویکسین تیار ہونے کی پیشنگوئی پر شبہ ظاہر کیا ہے کہ وہ اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتے کہ ویکسین کب دستیاب ہو گی۔

(جاری ہے)

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم ویکسین کی تیاری کے لیے بے مثال رفتار سے کام کر رہے ہیں لیکن اس کی دستیابی کے لیے کوئی بھی ٹائم لائن واضح نہیں لہذا ہماری امریکی شہریوں سے وعدہ ہے کہ ویکسین کی تیاری ، اس کے محفوظ اور موثر ہونے سے متعلق ہمارا فیصلہ ڈیٹا اور سائنس پر مبنی ہو گا جو کورونا وائرس کے خلاف لوگوں کی قوت مدافعت کو مضبوط بنائے لہذا ویکیسن کی تیاری تک لوگ بیمار ہونے سے بچیں اور اپنا خیال رکھیں۔

دریں اثناء انہوں نے ایک دوسرے انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کورونا وائرس کے 99 فیصد مکمل طور غیر نقصان دہ ہونے کے دعوی پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتے کہ کون صحیح ہے اور کون غلط ہے۔