امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد30 لاکھ تک پہنچ گئی، ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد ہلاک

پیر 6 جولائی 2020 11:13

امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد30 لاکھ تک پہنچ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2020ء) امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد30 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک اس مرض کے باعث ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکہ ہے جہاں اس وقت فعال مریضوں کی تعداد 15لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے۔

حکام کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے 2982928 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ دریں اثناء برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے ہسپتالوں میں بستروں کی کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ٹیکساس کے شہر آسٹن کے میئر نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسی شرح سے کورونا کے متاثرین میں اضافہ ہوتا رہا تو اگلے دو ہفتوں میں ہسپتالوں میں بستر کم پڑسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلے دس روز کے دوران ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت کے وارڈز مریضوں سے بھرسکتے ہیں، ان کے مطابق اگر ہم نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار کو کم نہ کیا تو اگلے دو ہفتوں کے دوران ہسپتالوں میں بستر کم پڑ جائیں گے۔ حکام کے مطابق ٹیکساس میں اس وقت 7890 مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ دو ہفتے قبل یہ تعداد 3247 تھی۔ جولائی کے پہلے چار روز میں امریکہ کی 15 ریاستوں میں کورونا متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت امریکہ میں تقریباً 30 لاکھ افراد وائرس سے متاثرہ ہیں جبکہ ایک لاکھ 32 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔