Live Updates

عظمیٰ کاردار کا برخاستگی کے خلاف اپیل کرنے کااعلان

وکیل کے ساتھ مل کر سکیڈ کی سب کمیٹی کے سامنے اپیل کروں گی.پی ٹی آئی راہنما

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 جولائی 2020 14:00

عظمیٰ کاردار کا برخاستگی کے خلاف اپیل کرنے کااعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 جولائی ۔2020ء) پاکستان تحریک انصاف سے برخاست کی گئی رہنما عظمیٰ کاردار نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘انہوں نے کہا ہے کہ وکیل کے ساتھ مل کر سکیڈ کی سب کمیٹی کے سامنے اپیل کروں گی. انہوں نے کہا کہ ریکارڈنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے مدد مانگی تھی آڈیو ریکارڈنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں درخواست بھی دوں گی.

(جاری ہے)

عظمیٰ کاردار نے کہا کہ انہوں نے کسی پبلک مقام پر کوئی بات نہیں کی تھی اور یہ آڈیو جان بوجھ کر لیک کی گئی ہے خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر عظمی کاردار کی پارٹی رکنیت ختم کر دی ہے اور اب وہ پنجاب اسمبلی کی رکن بھی نہیں رہ سکیں گی. چند روز قبل عظمیٰ کاردار کو ترجمان حکومت پنجاب کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا تھا وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ عظمیٰ کاردار بطور ممبر میڈیا اسٹریٹیجی کمیٹی ترجمان حکومت پنجاب تھیں ان کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے.

عظمی کاردار کی نامناسب آڈیو لیک ہونے پر پارٹی کی جانب سے انہیں ایک ماہ کے لیے معطل کرتے ہوئے شوکاز نوٹس بھجوایا گیا تھا تاہم وہ اپنے جواب سے ڈسپلنری کمیٹی کو مطمئن نہیں کر پائی وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے عظمیٰ کاردار کی لیک آڈیو میں خاتون اول بشریٰ بی بی کے حوالے سے گفتگو کو شرم ناک قرار دیا تھا‘عظمیٰ کاردار کی ایک مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی سفارش پر وزیراعظم عمران خان نے چار سے پانچ بندوں کو مختلف اسٹینڈنگ کمیٹیز کے چیئر پرسن لگایا ہے.

عظمیٰ کاردار کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ خاتون اول بشریٰ بی بی ان کے قبضے میں جن ہیں، جن سے وہ کام کروا لیتی ہیں اور ان کو وزیراعظم عمران خان کے گھر پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور کوئی بھی ان کی اجازت کے بغیر راستہ پار نہیں کرسکتا ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات