لاہور میں دوبارہ لاک ڈاؤن ہونے کا امکان

لاہور کے 6 علاقوں میں کورونا مریض زیادہ ہونے پرا سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کی جا رہی ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 6 جولائی 2020 14:31

لاہور میں دوبارہ لاک ڈاؤن ہونے کا امکان
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔06 جولائی ۔2020ء) لاہور میں دوبارہ لاک ڈاؤن کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ لاہور کے 6 علاقوں میں کورونا مریض زیادہ ہونے پرا سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پیش کی جا رہی ہے۔لاہور میں اس وقت کسی بھی علاقے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نہیں ہے ۔اس سے قبل لاہور میں کیے گئے سمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج دیکھنے میں آئے تھے۔لاہور میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج کے بعد سیل علاقوں کو کھول دیا گیا تھا۔

ڈیفینس، گارڈن ٹاؤن، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلشن راوی اور اندرون شہر کو کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے سیل کر دیا گیا تھا جس کے بعد ان علاقوں کی آمدورفت کو محدود کر دیا گیا تھا۔ لیکن مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد علاقوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ مذکورہ علاقوں میں تازہ سیمپلنگ کے بعد کورونا کیسز میں کمی آئی ہے جس کے باعث علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے اب سڑکوں پر لگی رکاوٹیں بھی ختم کر دی ہیں جس کے بعد شہری آرام سے سفر کر سکتے ہیں۔

تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ لاہور کے کچھ علاقوں میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں جس کے بعد دوبارہ سے لاک ڈاؤن زیر غور ہے۔خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سی متعلق تازہ ترین اعداد و شمارجاری کردیئے ہیں، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 50 افراد انتقال کرگئے،3344 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دو ران 3344 نئے کورونا کیسز رجسٹرڈ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک لاکھ 31ہزار 649 کورونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔۔ اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 31 ہزار 808 مصدقہ کیسز ہیں جن میں آزاد کشمیرکی1342، بلوچستان کی10ہزار814، گلگت بلتستان کی1561، اسلام آباد کی13ہزار494، کے پی کے، کی28ہزار 116، پنجاب کے 81ہزار 963 اور سندھ کے 94ہزار 528 کیسز شامل ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 50 افراد کی اموات کے بعد مجموعی اموات 4ہزار762 ہوچکی ہیں۔ سندھ میں 1526، پنجاب میں 1884، کے پی کے میں 1028، اسلام آباد میں 137، بلوچستان میں 123اور آزاد کشمیر میں 36 اموات شامل ہیں۔ اب تک 14 لاکھ 20 ہزار 623 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ ملک میں 729 ہسپتالوں میں 5143 مریض زیر علاج ہیں۔