شہر قائد میں مون سون کی پہلی بارش ،شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ،مختلف علاقوں میں بجلی غائب

مون سون کے پہلے اسپیل میں 2 روز تک بارش کا امکان ہے جو بدھ کی صبح تک جاری رہے گی اور اس دوران شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری تک جاسکتا ہے،محکمہ موسمیات

پیر 6 جولائی 2020 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) شہر قائد میں مون سون کی پہلی بارش ہوئی جس سے شدید گرمی اور بجلی کی بندش کے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ شہر میں بارش شروع ہونے کت ساتھ ہی مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مون سون کے پہلے اسپیل میں 2 روز تک بارش کا امکان ہے جو بدھ کی صبح تک جاری رہے گی اور اس دوران شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں اتوار کی رات تک حبس کی کیفیت اور سمندری ہوائیں معطل رہیں تاہم پھر دیکھتے ہی دیکھتے گہرے بادل چھائے اور ابر رحمت برس پڑا۔شہر کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا۔

(جاری ہے)

ابر رحمت برستے ہی بچے اور بڑے سڑکوں پر نکل آئے اور بارش سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں لانڈھی، ملیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر سمیت میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا سسٹم کراچی میں داخل ہو گیا ہے جو شہر کے جنوب مشرقی علاقے میں موجود ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلا دھار بارش سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے آخر تک برقرار رہے گا اور شہر میں مون سون کے کئی اسپیل بارش کا سبب بنیں گے۔شہر میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ڈائریکٹر میٹ کراچی سردار سرفراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مون سون کے پہلے اسپیل میں 2 روز تک بارش کا امکان ہے جو بد ھ کی صبح تک جاری رہے گی اور اس دوران شہر کا درجہ حرارت 39 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 روز کے دوران کراچی میں 30سے 40 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے البتہ شہر میں 50 ملی میٹر بارش ہونے کی صورت میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ادھر بجلی کی ترسیل کے خراب انفراسٹرکچر کے باعث لوڈشیڈنگ سے ستائے کراچی کے عوام اب مزید خوفزدہ ہیں۔حسب روایت بارش سے قبل اور آغاز کے ساتھ ہی شہر کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔دوسری جانب کراچی میں بارش کی پیش گوئی کے بعد کرنٹ لگنے سے لوگوں کی جان جانے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ دو دن قبل بھی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ سندھ میں مون سون بارشوں کا سسٹم مضبوط ہو گا۔