مسلمان کو پہنچنے والی تکلیف اسکے گناہوں کو مٹانے کا ذریعہ بن جاتی ہے ،مولانا محمد عمران عطاری

پیر 6 جولائی 2020 17:59

مسلمان کو پہنچنے والی تکلیف اسکے گناہوں کو مٹانے کا ذریعہ بن جاتی ہے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات وواقعات کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ پریشان کن حالات ہیں ،شاید کوئی ایسا دن نہیں گزرتا ہوکہ جس میں موت کے واقعات یا معاشی پریشانی کی اطلا ع نہ ملتی ہو ،اس طرح کی اطلاعات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔

آفتیں ،مصیبتیں اور پریشانیا ں ہمارے ارد گرد محسوس ہورہی ہیں۔گھروں میں بھی پریشانیاں ہیں ،گھروں کے حالات بھی ہمارے سامنے ہیں۔ مولانا محمد عمران عطاری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جب کسی کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے تو اس کو تکلیف میں مبتلا فرماتا ہے۔مسلمان کو جو تکلیف ،ملال ،رنج ،اذیت وغم پہنچے اس پر صبر کرے تو اللہ تبارک و تعالیٰ اسکے گناہ معاف فرما دیتا ہے۔

(جاری ہے)

مسلمان مرد وعورت کے جان ومال اور ا ولاد میں ہمیشہ مصیبت رہتی ہے یہاں تک کہ جب وہ اللہ عزوجل سے ملتا ہے تو اس کے نامہ اعمال میں ایک بھی گناہ باقی نہیں رہتا۔بروز قیامت دنیا میں مصیبت زدہ افراد کو اجر دیا جائے گا تو وہ لوگ جنہوں نے دنیا میں آرام کی زندگی گزاری ہوگی وہ تمنا کریں گے کہ کاش دنیا میں ان کی کھالیں قینچیوں سے کاٹی جاتی اور وہ صبر کرکے اجر کماتے۔

نگران شوریٰ نے کہا کہ ہم جب تک زندہ ہیں آزمائشوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوسکتا ،آزمائشیں تو آتی ہیں ،اللہ تعالیٰ ہمیں صبر دے ،قناعت اور اعتدال کی دولت دے۔ہمیں یہ دعاکرنی چاہئے کہ اللہ عزوجل ہمارا ایمان سلامت رکھے ،ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ نزع کے وقت ہم آزمائش میں مبتلا نہ کردئیے جائیں، اس وقت ہمیں آسانی مل جائے کہ موت کا ایک جھٹکا تلوار کے ہزار وار سے زیادہ سخت ہے۔اگر اس وقت بڑی آزمائش آگئی تو پھنس جائیں گے۔اللہ پاک ہمیں تختہ غسل پر آسانیاں دے ،اللہ ہمیں قبر میں آسانیاں دے اگر وہاں آزمائش آگئی تو پھنس جائیں گے۔فتنے ،آزمائش اور پریشانیوں کا صرف ایک حل ہے اور وہ صبر ہے ،اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے ،اللہ تعالیٰ ہمیں صبر عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :