سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے کیل سے تاؤبٹ سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ماضی میں حکمرانوں نے ستر سالہ دور کے دوران اپنے گھر بنائے ،ہم نیلم بنا رہے ہیں،گزشتہ چار سالوں میں نیلم کی تعمیر و ترقی میں بھر پور کردار ادا کیا ،انشاء اللہ آئندہ بھی عوامی مینڈیٹ کیساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے،شاہ غلام قادر

پیر 6 جولائی 2020 18:19

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کیل سے تاؤبٹ سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ کیل سے تاؤبٹ سڑک کی کشادگی و پختگی پرتخمینہ لاگت تقریبا 61کروڑ روپے آئے گا۔ وادی گریس کے سینکڑوں افراد سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کا کیل شروگی پل پر والہانہ استقبال،سپیکر اسمبلی اور ن لیگ کے حق میں نعرہ بازی اور ہار ڈال کر عوام کے دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے ستر سالہ دور کے دوران اپنے گھر بنائے اور ہم نیلم بنا رہے ہیں۔سپیکر اسمبلی نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں نیلم کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا اور انشاء اللہ آئندہ بھی عوامی مینڈیٹ کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

شاہراہ نیلم کی تعمیر سے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور سیاحت کی ترقی کا سبب بنیں گی۔ میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق تعمیر و ترقی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کیل سے تاؤبٹ کی سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے جبکہ شاردہ سے کیل سڑک کی تعمیر کا ٹینڈر جاری ہو چکا ہے جلد تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔ میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کر کے تعمیر و ترقی کا موقع فراہم کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

شاہراہ نیلم کی معیاری تعمیر کیلئے کسی صورت فنڈز کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ دورے کے موقع پر معاون خصوصی ہمراہ سپیکر ارسل خان صدیقی کے ہمراہ گریس ویلی سے آنے والے کارکنان نیسپیکر اسمبلی کا شروگی پل پر پھولوں کی پتیوں،نعروں اورہار ڈال کر استقبال کیا۔ میاں محمد نواز شریف،میاں محمد شہباز شریف،مریم نواز،راجہ محمد فاروق حیدر، شاہ غلام قادر اور ن لیگ زندہ باد کے نعروں سے کیل کی وادی گونج اٹھی۔

سڑک کی افتتاحی تقریب کیلئے محکمہ شاہرات نے تمام تر انتظامات کر رکھے تھے۔اس موقع پر معاونین خصوصی ہمراہ سپیکر اسمبلی ارسل خان صدیقی،خواجہ بشیر احمد،اے سی شاردہ راجہ عظیم،مہتمم شاہرات راجہ پرویز،ڈی ایف او مقرب خان،ڈی ای او مردانہ خواجہ جاوید مقبول،تحصیلدار شاردہ خواجہ فاروق،ایس ڈی او حسیب عباسی،سٹیٹ آفیسر خواجہ لعل دین، چئیرمین زکوة محمود شاہ،پراجیکٹ مینیجر سمیت لیگی رہنما،کارکنان شریک تھے۔

سپیکر اسمبلی نے کیل فاریسٹ ریسٹ ہاؤس میںعوامی وفود/ کارکنان کے ساتھ ملاقاتیں کیں ان کے مسائل سنے اور جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے یو سی میں جاری اور مکمل ترقیاتی منصوبہ جات کا جائزہ لیا۔ سپیکر آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے اپنے حلقہ انتخاب کے دورے کے دوسرے روز یونین کونسل کیل میں مختلف مقامات پر وفات پانے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔انہوں نے کارکنان کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کیں اور موقع پر عوامی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے سرکاری محکمہ جات کے آفیسران کو ہدایات جاری کیں۔