ایس ای سی پی نے پروفیشنل کلئرنگ ممبر ریگولیشنز کا مسودہ جاری کر دیا

پیر 6 جولائی 2020 19:21

ایس ای سی پی نے پروفیشنل کلئرنگ ممبر ریگولیشنز کا مسودہ جاری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے اسٹاک ایکسچینج کی ٹریڈنگ کے لئے تھرڈ پارٹی کلئیرنگ سروسز کی فراہمی کیلئے پروفیشنل کلئرنگ ممبرز کے ریگولیشنز کا مسودہ عوامی رائے عامہ کے لئے جاری کر دیا ہے۔ پروفیشنل کلئیرنگ ممبرز تھرڈ پارٹی انڈیپینڈنٹ انسٹی ٹیوشن ہوتا ہے جو کہ سکیورٹٰز بروکروں اور ان کے صارفین کو حصص کی تحویل اور کلئیرنگ کی خدمات فراہم کرتا ہے۔

پروفیشنل کلئیرنگ ممبرز کوئی بھی مالیاتی ادارہ جیسے کہ کمرشل بینک یا نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشن یا اس مقصد کے لئے خصوصی طور پر قائم ایک ادارہ ہو سکتا ہے۔ پروفیشنل کلئیرنگ کے ادارے قائم ہونے سے اسٹاک ایکسچینج کے بروکروں پر ریگولیٹری کمپلائنس کی ذمہ داریاں کم ہو جائے گی جبکہ کلئیرنگ کا عمل تیز اور شفاف ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کے مجوزہ کلئرنگ ریگولیشنز میں پروفیشنل کلئرنگ ممبر کا لائسنس کے شرائط و ضوابط، اہلیت کا معیار اور کمپنی کی آپریشنل ضروریات، صارفین کے اثاںوں کے تحفظ کے لئے کی شرائط، کارپوریٹ گورننس کے ضوابط اور کلئیرنگ کے عمل کے متعلق ہدایات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ایس ای سی پی نے سکیورٹیز بروکروں کی الگ الگ اقسام اور ٹریڈنگ اور اثاثوں کی تحویل اور کلئیرنس کے عمل کو الگ کرنے کا تصور متعارف کروایا تھا اور صرف وہی بروکر صارفین کے اثاثوں کو تحویل میں رکھ سکیں گے جو کہ کلئرنگ ممبرز کے ضوابط اور شرائط پر پورا اتریں گے جبکہ صرف ٹریڈنگ کرنے والے بروکر اپنے صارفین کے اثاثے پروفیشنل کلئرنگ ممبرز یا ٹریڈنگ اینڈ کلئیرنگ بروکروں کے پاس رکھوائیں گے جب کے لئے ریگولیٹری کمپلائنس کی شرائط کافی زیادہ ہیں۔

پروفیشنل کلئرنگ ممبرز کے لئے ریگولیٹری فریم ورک کا نفاذ ایس ای سی پی کی نئی بروکر رجیم پر عمل درآمد کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے۔ اس ریگولیٹری فریم ورک کے نفاذ سے صارفین کے اثاثوں کی تحویل سے متعلق رسک میں کمی آئے گی اور سرمایہ کاروں کو تحفظ حاصل ہو گا۔ مجوزہ ریگولیشنز کا مسودہ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔