نیوز کے ملازمین کا پیمرا ہیڈ آفس کے باہر احتجاج ، دھرنا دیا

مظاہرین کی زبردستی ہیڈ کوارٹرز کے اندر داخل ہو کر دفتر اور ملازمین کو نقصان پہنچانے کی کوشش

منگل 7 جولائی 2020 09:10

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) 24 نیوز کے ملازمین نے آج پیمرا ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ احتجاجی مظاہرین نے تمام پیمرا افسران اور ملازین کو جن میں خواتین بھی شامل تھیں، کو یرغمال بنائے رکھا اور نہ کسی کو دفترکے اندر داخل ہونے اور نہ ہی باہر نکلنے کی اجازت دی گئی۔ 24 نیوز کے اہلکاروں نے پیمرا سٹاف اور سیکورٹی گارڈز کے ساتھ بدتمیزی بھی کی اور زبردستی ہیڈ کوارٹرز کے اندر داخل ہو کر دفتر اور ملازمین کو نقصان پہنچانے کی کوشش بھی کی۔

اس ہاتھا پائی، دھکم پیل اور احتجاجی مطاہرین کی گیٹ کے باہر سے اندر آنے کی کوشش کے دوران ایک سیکورٹی گارڈ سے غلطی سے فائر ہو گیا جو کہ بغیر کسی کو نقصان پہنچائے فرش پر جا لگا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پیمرا نے 24 نیوز کا لائسنس تمام تر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے معطل کیا ہے۔ پیمرا 2015ء سے سینٹرل میڈیا کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کرتا آ رہا ہے تاہم کچھ عدالتی احکامات کے پیش نظر حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

لہذا 7 مئی 2020ء کو چینل ہذا کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا۔ چینل انتظامیہ کو اضح احکامات جاری کئے گئے کہ لائسنس کیٹیگری کے مطابق پروگرامنگ کو یقینی بنانے اور ذاتی شنوائی کے لئے پیش ہوں۔ تاہم چینل کی درخواست پر ذاتی شنائی یکم جون 2020ء تک موخر کی گئی اور یکم جون کی شنوائی کے بعد پیمرا نے 3 جولائی 2020ء کو چینل کو جاری شدہ لائسنس معطل کر دیا۔ چینل کو واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ اتھارٹی کی جانب سے منظور شدہ پروگرام جو کہ انٹرٹینمنٹ پر مبنی ہیں، نشر کرے اور نیوز و کرنٹ افیئرز پر مبنی پروگرام فوری روک دے۔ بصورت دیگر چینل کو جاری شدید لائسنس منسوخ بھی کیا جا سکتا ہے۔