سوئٹزر لینڈ میں داعش سے تعلق کے الزام میں 2 افراد پر فرد جرم عاید

منگل 7 جولائی 2020 13:20

برن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) سوئٹزرلینڈ میں وفاقی پراسیکیوٹرز نے 2 افراد پرداعش میں شمولیت کے الزام میں فرد جرم عا ئد کی ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ان میں ایک شخص سوئٹزرلینڈ اور تیونس کی دٴْہری شہریت کا حامل ہے۔اس پرداعش کے لیے لوگوں کو بھرتی کرنے کا الزام ہے۔اس کے ساتھ ایک سوئس شہری پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس پر داعش اور القاعدہ جیسے کالعدم گروپوں میں شمولیت کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ ان دونوں کو مبیّنہ طور پر سوئٹزر لینڈ اور فرانس میں ایک گروپ کے ساتھ تربیت دی گئی تھی اور اس کے بعد 2015ء کے آخر میں ترکی کا سفر کیا تھا۔سوئس حکام نے ان دونوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ جب ان کے خلاف مقدمے کی سوئس وفاقی فوجداری عدالت میں سماعت شروع ہوگی تو وہ عدالت سے انھیں سزائیں دینے کا مطالبہ کریں گے۔