فکسنگ معاملات ، قانون سازی کیلیے پی سی بی کی تجاویز ادھوری

14 صفحات کے بعد پرانے واقعات ،اپنا اینٹی کرپشن کوڈ اورسری لنکن قانون شامل،ماضی میں اعجاز بٹ اورسیٹھی کے دورمیں بھی حکومت سے بات چیت کی جا چکی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 جولائی 2020 13:28

فکسنگ معاملات ، قانون سازی کیلیے پی سی بی کی تجاویز ادھوری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2020ء )  فکسنگ کیخلاف قانون سازی کیلیے پی سی بی کی تجاویز ادھوری محسوس ہونے لگیں، ابتدائی 14 صفحات کے بعد سابقہ واقعات، اپنا اینٹی کرپشن کوڈ اور سری لنکن قانون کو ہی شامل کرلیا،حکومتی ذرائع کے مطابق ان تجاویز کی بنیاد پر کوئی قانون بنانا انتہائی مشکل لگتا ہے، ماضی میں اعجاز بٹ اور نجم سیٹھی کے دور میں بھی حکومت سے بات چیت کی گئی تھی مگر پھر پیش رفت نہیں ہو سکی۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے’’لیجسلیشن آن دی پریوینشن آف کرپشن ان سپورٹس‘‘ (کھیلوں کو بدعنوانی سے بچانے کیلیے قانون سازی) کے نام سے77 صفحات پر مشتمل تجاویز تیار کی ہیں،اسے گذشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان کو بھی پیش کر دیا گیا تھا،اس کے ابتدائی 14 صفحات میں پس منظر اور قانون بنانے کے حوالے سے تجاویز شامل ہیں، بعد میں سابقہ فکسنگ واقعات اور بورڈ کا اپنا اینٹی کرپشن کوڈ موجود ہے، تقریباً 30 صفحات سری لنکا میں فکسنگ کیخلاف بننے والے قانون کے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ پی سی بی نے زیادہ کام کیے بغیر عجلت میں تجاویز تیار کیں، ابتدائی 14 صفحات میں اس حوالے سے کچھ چیزیں موجود مگر بیشتر حصہ ماضی کی باتوں کا ہے، بعد میں اپنا اینٹی کرپشن کوڈ اور سری لنکن قانون لگا دیا، اب حکومت اگر قانون سازی کا فیصلہ کرتی ہے تو اسے کرکٹ بورڈ کی تجاویز سے زیادہ مدد نہیں ملے گی، اس پر بہت محنت اور وقت لگے گا یوں یہ معاملہ پھر سرد خانے کی زینت بن سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پی ایس ایل لائیو اسٹریمنگ کیس کے بعد اپنی ’’زیروٹولیرنس‘‘ پالیسی کا ثبوت دینے کیلیے بورڈ نے قانون بنانے کی باتیں کیں،اس کے مقابلے میں رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کی تیار کردہ تجاویز زیادہ جامع ہیں۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں سابق چیئرمین اعجاز بٹ اور نجم سیٹھی کے دور میں بھی پی سی بی نے فکسنگ کے خلاف قانون سازی کیلیے حکومت سے بات چیت کی تھی مگر پھر پیش رفت نہیں ہو سکی، البتہ اس بار وزیر اعظم عمران خان ہیں جو خود اسپورٹسمین رہ چکے لہذا وہ قانون سازی کرانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔