کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بدترین بحران جاری، بعض علاقوں میں گزشتہ روز سے معطل ہونے والی بجلی تاحال بحال نہیں کی جا سکی

مختلف علاقوں میں کے ای کی جانب سے 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جا ری، بجلی کی بندش پر مختلف علاقوں میں احتجاج بھی کیا گیا بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے، کچھ مقامات پر درخت گرنے یا پانی جمع ہونے سے مشکلات ہیں، کچھ مقامات پر بجلی احتیاطاً بند کی گئی ہے، ترجمان کے الیکٹرک

منگل 7 جولائی 2020 14:06

کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بدترین بحران جاری، بعض علاقوں میں گزشتہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2020ء) کراچی میں بارش کے بعد بجلی کا بدترین بحران جاری ہے، بعض علاقوں میں گزشتہ روز سہ پہر 3 بجے معطل ہونے والی بجلی تاحال بحال نہیں کی جا سکی تاہم مختلف علاقوں میں کے ای کی جانب سے 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، بجلی کی بندش پر مختلف علاقوں میں احتجاج بھی کیا گیا۔کراچی کی اختر کالونی میں 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی نہ آئی، کورنگی ناصر جمپ، پی اینڈ ٹی سوسائٹی، لکھنو سوسائٹی میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔

گڈاپ، کاٹھور، گلشنِ معمار، نیو کراچی، شادمان ٹائون، نارتھ کراچی، سر سید ٹائون اور احسن آباد میں بھی بجلی غائب ہے۔ملیر، سعود آباد، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، جمشید روڈ، حیدرآباد کالونی، لائنز ایریا، ڈیفنس، کورنگی، بلدیہ ٹائون، سرجانی ٹائون میں بھی بجلی کئی گھنٹوں سے غائب ہے۔

(جاری ہے)

لانڈھی، گزری، بلدیہ، لیاری، کیماڑی، کھارادر، صدر میں بجلی غائب ہے، ریلوے کالونی، کشمیر کالونی، منظور کالونی، گڈاپ میں بھی بجلی نہیں ہے۔

کلفٹن، ڈیفنس کے کئی علاقوں میں بھی گزشتہ روز سے بجلی بند ہے، ماڑی پور، گلزار ہجری، گلشن اقبال، گلستان جوہر ٹو کے علاقے بجلی سے محروم ہیں، مدراس سوسائٹی اسکیم 33، لیاقت آباد، ایف بی ایریا کے کئی علاقوں میں بجلی بند ہے، بجلی نہ ہونے کے باعث بزرگ شہریوں، مریضوں اور بچوں کو تکلیف کا سامنا ہے۔شہریوں نے ایسی صورت حال میں کہا کہ بجلی معطل ہونے کی شکایات سننے والا کوئی نہیں لیکن بل وقت پر کیسے آ جاتے ہیں۔

ادھر بیش تر علاقوں میں گزشتہ روز سے ٹوٹے تاروں کی تاحال مرمت نہ ہوئی ہے، گزشتہ روز ابراہیم حیدری میں پولز سمیت گرنے والی پی ایم ٹی بھی نہیں بدلی گئی، جس سے ابراہیم حیدری اور ملحقہ علاقوں میں 20 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔پی ای سی ایچ ایس اور لائنز ایریا میں علاقہ مکینوں نے بجلی کی طویل معطلی کے خلاف احتجاج بھی کیا ہے۔دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے، کچھ مقامات پر درخت گرنے یا پانی جمع ہونے سے مشکلات ہیں۔ترجمان نے بتایاکہ گلشنِ اقبال، بلدیہ ٹائون اور سرجانی ٹائون کے کچھ مقامات پر بجلی احتیاطاً بند کی گئی ہے۔