ملک میں فٹ بال کا ٹیلنٹ گراس روٹ سطح پر کلب اور اکیڈمیز کے ذریعے سامنے آسکتا ہے، کوچ ایاز خان

ٹیلنٹ کو بروئے کار لا نے کیلئے حکومت اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو ٹھوس اقدامات اٹھانے ضرورت ہے، گفتگو

منگل 7 جولائی 2020 15:07

ملک میں فٹ بال کا ٹیلنٹ گراس روٹ سطح پر کلب اور اکیڈمیز کے ذریعے سامنے ..
سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2020ء) سوات یوتھ فٹ بال اکیڈمی کے کوچ ایاز خان نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کا ٹیلنٹ گراس روٹ سطح پر کلب اور اکیڈمیز کے ذریعے سامنے آسکتا ہے، اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لا نے کیلئے حکومت اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو ٹھوس اقدامات اٹھانے ضرورت ہے، گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوات میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کسی ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں، کھلاڑیوں کے ذریعے ہی دوسرے ملکوں کے ساتھ باہمی رابطے بڑھانے کا بھی موقع ملتاہے، کروانا وائرس کی وباء کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کرونا وائرس کے سلسلہ میں لاپرواہی اور بے احتیاطی کا مظاہرہ نہ کریں۔

(جاری ہے)

کرونا وائرس کی وباء نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور کھلاڑیوں کے کھیلوں کے میدان ویران کر دیئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی گھروں میں رہ کر اپنی فزیکل فٹنس اور خوراک پر توجہ دیں تاکہ کرونا وائرس کی وباء کے باعث ان کی فزیکل فٹنس میں کمی نہ آئے اور قوت مدافعت بھی کم نہ ہو، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدبیر پر عمل کرنا چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ کھلاڑی سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کرونا وائرس کی وباء کے باعث لاکھوں کی تعداد میں اموات ہو چکی ہیں اور ابھی تک اس موذی وبا پر قابو نہیں پایا جاسکا۔