مون سون سیزن کے دوران ممکنہ شدید بارشوں کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واسا کی تمام تیاریاں مکمل ہیں،واسا محدود وسائل میں بہترین نتائج دینے کیلئے کوشاں جبکہ مشینری و گاڑیاں آپریشنل اور تمام افسران و سٹاف مکمل الرٹ ہے،منیجنگ ڈائریکٹر واسا

منگل 7 جولائی 2020 15:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی فیصل ۱ٓباد کے منیجنگ ڈائریکٹر جبار انور چوہدری نے بتایا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ممکنہ شدید بارشوں کے بعد ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے واسا کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اورواسا محدود وسائل میں بہترین نتائج دینے کیلئے کوشاں جبکہ مشینری و گاڑیاں آپریشنل اور تمام افسران و سٹاف مکمل الرٹ ہے۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ مختلف سیور لائنیں جو سٹیلڈ ہوئی تھیں ان میں بہت بہتری آ گئی ہے اورواسا کی جانب سے دونوں زونز میں چار ڈائریکٹر آپریشنز کے ساتھ مکمل سٹاف میدان میںاور بوقت ضرورت ہنگامی بنیادوں پر بہترین کام کیلئے مکمل تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن سے قبل سیور لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ مہم جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور شہریوں کو مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب کی بہترین سروسز فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مون سون سیزن کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ واسا کے پارکنگ یارڈمیں موجودموسم برسات کے دوران کام کرنے والی مشینری اور گاڑیوں کا معائنہ کیاگیا ہے جو مکمل فنکشنل حالت میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم برسات کے دوران محکمہ واسا کی تمام مشینری اورگاڑیاں آپریشنل اور تمام فیلڈ سٹاف کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہاہے تاکہ بارشی پانی کا بروقت نکاس کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ واسا شہریوں کو نکاسی آب کی بہترین سروسز مہیا کررہا ہے جبکہ مون سون سیزن میں واسا کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں اور اس حوالے سے واسا کی تیاریوں کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے جو کہ اطمینان بخش ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمشنرفیصل ۱ٓباد کی ہدایت پر مون سون سیزن کی ممکنہ بارشوں کے پانی کی نکاسی کیلئے واسا کی مشینری کے ساتھ ساتھ میٹروپولیٹن کارپوریشن فیصل ۱ٓباد، سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ آبپاشی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کی مشینری کا ریکارڈ بھی مرتب رکھا جارہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظران محکموں کی مشینری کو بھی استعمال میں لایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :