راجہ فاروق حیدر خان سے چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

منگل 7 جولائی 2020 15:16

راجہ فاروق حیدر خان سے چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں دونوں رہنماوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئی کورونا کی وبا کے باوجود ہندوستانی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے معصوم لوگوں کے قتل عام اور لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہندوستان تمام تر قوت استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے عزم سے شکست کھا چکا، بشیر احمد کے قتل کے بعد اس کے نواسے کی تصویر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ جولائی کے مہینے میں کشمیریوں نے قربانیوں کی بے مثال داستانیں رقم کیں یہ جدوجہد کا مہینہ ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہندوستانی فوج کے ظلم بربریت پر حکومت پاکستان نے دنیا بھر میں آواز اٹھائی،کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مقدمہ ہر فورم پر پوری قوت سے لڑتے رہیں گے۔