پی ایس ایل 5 :براڈ کاسٹرز کا بورڈ کیخلاف عدالت سے رجوع

ٹورنامنٹ مکمل ہونے سے قبل بینک گارنٹی کیش کرانا غلط ہے :درخواست گزار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 جولائی 2020 15:09

پی ایس ایل 5 :براڈ کاسٹرز کا بورڈ کیخلاف عدالت سے رجوع
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2020ء ) پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے براڈ کاسٹرز نے پی سی بی کیخلاف مالی معاملات پر عدالت سے رجوع کر لیا ۔ واضح رہے کہ پی سی بی کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل سیزن فائیو مکمل نہیں کر سکا جس پر براڈ کاسٹنگ حقوق رکھنے والاادارہ خوش نہیں ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوشش ہے کہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور فائنل اس سال کے آخر میں منعقد کئے جائیں ۔

براڈ کاسٹرز نے پاکستان سپر لیگ کیلئے 2018ء میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے 36 ملین ڈالرز کامعاہدہ کیا تھا تاہم ٹورنامنٹ کا سیزن فائیو مکمل نہ ہونے کی وجہ سے کرکٹ بورڈ کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے باہمی معاہدے کے حوالے سے ٹورنامنٹ ختم ہونے سے قبل ایک ارب روپے کی انشورنس گارنٹی کیش کرالی تھی جس پر براڈ کاسٹرز نے اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتنازع حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

براڈ کاسٹنگ ادارے کے ترجمان نے کہا کہ پی سی بی سے تنازع پی ایس ایل فائیو پر ہے کیونکہ مالی ادائیگی آخری میچ کے بعد ہونی تھی تاہم عدالت سے اس معاملے کا قانونی حل چاہتے ہیں کیونکہ ٹورنامنٹ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی انشورنس گارنٹی کا حقدار نہیں ہے ۔