کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) اور حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کی 21 ویں برسی ان کے آبائی قصبات میں منائی گئی

جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بہادر سپوتوں کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں

منگل 7 جولائی 2020 15:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) دفاع پاکستان کے عظیم فریِضہ کی انجام دہی میں جام شہادت نوش کرنے والے قوم کے بہادرسپوت کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) اور حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کی 21 ویں برسی بالترتیب ان کے آبائی علاقے صوابی اور غدر (گلگت بلتستان) میں منگل کو منائی گئی۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے ناردرن ایریا کے کمانڈر میجر جنرل احسان محمود خان نے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی قبروں پر پھول چڑھانے کے لیے خصوصی تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ کمانڈنٹ پنجاب رجمنٹ سنٹر نے کیپٹن کرنل شیر خان شہیدکی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اعلیٰ فوجی و سول حکام، شہداء کے اہلخانہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان تقاریب میں شرکت کی۔