سندھ میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق، ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 57 ہو گئی

منگل 7 جولائی 2020 16:13

سندھ میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق، ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے سندھ میں پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق کی ہے جس سے صوبے سندھ میں کل تعداد 19 اور ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 57 ہو گئی ہے۔ صحت حکام نے بتایا کہ اس سے قبل اپریل میں ملک میں کووڈ19 کے کیسز میں اضافہ کے باعث پولیو مہم معطل کر دی گئی تھی جبکہ گزشتہ سال پولیو کے 147 کیسز ریکارڈ کئے گئے تھے۔

لیبارٹری اطلاعات کے مطابق یہ تازہ واقعہ ضلع ملیر کراچی سے سامنے آیا اور اس کی تصدیق 60 ماہ کے بچے میں ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2020ء میں پنجاب میں تین، سندھ میں 19، خیبر پختونخوا میں 21 اور بلوچستان میں 14 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ پولیو خاتمے سے متعلق انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ (آئی ایم بی) کے حالیہ اجلاس میں قومی صحت کی خدمات کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سال 2019ء پولیو کے خاتمے کے لئے چیلینج تھا اور اب ملک آئی ایم بی کی سفارشات پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2019ء پروگرام کے لئے ایک انتہائی چیلنج والا سال ثابت ہوا تھا اور اکتوبر 2019ء کی سفارشات اچھی طرح سے عمل میں لائی گئیں اور اس پر عمل درآمد بھی جاری رہا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایک مضبوط ٹیم ہے جو اجتماعی ذمہ داری کے احساس کے ساتھ موثر انداز میں اپنا کام کر رہی ہے۔ نہوں نے مزید کہا کہ میں نے خود یہ ذمہ داری قبول کی اور میں اپنی سیاسی قیادت کی طرف سے حوصلہ افزاء ردعمل کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کووڈ 19 کا اثر ہماری معیشت اور معاشروں پر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کی طرح مارچ میں بھی پولیو کی تمام سرگرمیاں معطل ہوگئیں جب کوویڈ 19 کے کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ سمیت ملک کے اعلی دفاتر کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ہم اپنی کوششوں کو مزید مستحکم کرنے کے لئے آئی ایم بی کی رہنمائی کے منتظر ہیں اور اپنے بچوں کے مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

پاکستان پولیو پروگرام کے قومی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے آئندہ پولیو مہموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کووڈ ۔ 19 کے دوران فرنٹ لائن ورکرز کی جانب سے کیے گئے نمایاں کام کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں پولیو مہمات کی منصوبہ بندی کرنے کے لئے بہت پر امید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایم بی کی رہنمائی کے منتظر ہیں جس سے پروگرام کو مزید تقویت ملے گی۔