کورونا وائرس نے عالمی معیشتوں کو غیر معمولی صورتحال سے دوچار کیا ہے، وائرس پر قابو پانے کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی،

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران گفتگو

منگل 7 جولائی 2020 16:24

کورونا وائرس نے عالمی معیشتوں کو غیر معمولی صورتحال سے دوچار کیا ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے عالمی معیشتوں کو غیر معمولی صورتحال سے دوچار کیا ہے لہذاوائرس پر قابو پانے کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران اہم علاقائی امور و دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کورونا وائرس نے عالمی معیشتوں کو غیر معمولی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برطانیہ میں وائرس کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے بھی پاکستان میں وائرس کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں وائرس پھیل رہا ہے، حکومت اس پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈائون، ٹیسٹنگ، ٹریسنگ اور قرنطینہ جیسے اقدامات کے ذریعے وائرس کے پھیلائو کو روکا جا رہا ہے۔ حکومت عوام کے تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی شعبے میں پاکستان اور برطانیہ کا تعاون مثالی رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان بری طرح متاثر ہوا ہے۔ ماحولیاتی مسائل کو حل کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے برطانوی معاونت کو خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کشمیر پر برطانوی موقف پر بھی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دوطرفہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ بین الپارلیمانی روابط مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔