متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی گنتی 52,600ہو گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناکے532 کیسز رپورٹ ہوئے،2 کورونا مریض دم توڑ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 جولائی 2020 16:32

متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی گنتی 52,600ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کیسزمیں دوبارہ کمی آ گئی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 532 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی52,600 ہو گئی ہے۔جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی 10,560 کے لگ بھگ ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے993 مریض صحت یاب ہو گئے۔

اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے41,714 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے 2افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 326 ہو گئی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران کورونا کے مزید44 ہزار ٹیسٹ لیے گئے۔ اب تک مجموعی طور پر36 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔

گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاوٴن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔