کشمیریوں نے بھارتی حکومت کے تمام جبری فیصلوں کو مسترد کیا ہے، حریت رہنما

منگل 7 جولائی 2020 16:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں میر طاہر مسعود، حسن البناء، زاہد صفی اور سید یوسف نسیم نے کہا ہے کشمیری قوم نے بھارتی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019ء ، اس سے قبل اور اس کے بعد کئے گئے تمام جبری فیصلوں کو مسترد کیا ہے اورمقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے تحریک آزادی کشمیر کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھنے کا تہیہ کررکھا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں 13جولائی 1931 ء سے آج تک اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے شہید برہان وانی اور ان کے دیگر ساتھیوںکی شہادت کو تمام کشمیریوں کے لیے شمع فروزاں قراردیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں کشمیر میں مسلط کی گئی نئی میڈیا پالیسی سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیریوں کی زبان و قلم بندی کرکے ان کے خلاف کسی بڑے آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ مودی حکومت نے 5اگست کے بعد نافذ کئے گئے فوجی محاصرے اور اب کورونا وائرس کی آڑ میں مسلط کئے گئے لاک ڈائون کی آڑ میں مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل وغارت میں تیزی لائی ہے۔ حریت رہنمائوں نے عالمی برادری اور حکومت پاکستان سے بحیثیت فریق و وکیل بھر پورکردار ادا کرنے کی اپیل کی ۔انہوںنے 8جولائی کو شہید ہونے والے برہان مظفر وانی اور ان کے ساتھیوں اور شہدائے 13جولائی1931ء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔