فیصل آباد چیمبر کاجاوید غنی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا نیا چیئرمین تعینات کرنے کا خیر مقدم

منگل 7 جولائی 2020 18:14

فیصل آباد چیمبر کاجاوید غنی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا نیا چیئرمین ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے جاوید غنی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا نیا چیئرمین تعینات کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اُن کی تعیناتی سے ایف بی آر کی پالیسیوں اور طریقہ کار میں بھی واضح تبدیلی آنی چاہیے تاکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھا کے نہ صرف حکومتی محاصل میں اضافہ کیا جا سکے بلکہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کی پالیسی کو بھی ترک کیا جا سکے۔

منگل کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک کا یہ اہم ادارہ گزشتہ کئی ماہ سے عارضی چیئرمینوں کے ذریعے چلایا جا رہا تھا جس کی وجہ سے اس محکمے میں عوام اور حکومت کی خواہشات کے مطابق پالیسیوں میں متوقع تبدیلی نہ لائی جا سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کو نئے چیئرمین کو یہ اختیار بھی دینا چاہیے کہ وہ محکمے میں قابل عمل اصلاحاتی نظام کو رائج کرے تاکہ پرانے استحصالی نظام کی جگہ ایسا قابل عمل طریقہ کار رائج کیا جا سکے جس سے حقیقی معنوں میں ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے سابق چیئرمین 2لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کا اضافہ کرنے کا یقین دلاتے رہے ہیں لیکن وہ بھی اپنی ان پالیسی پر عمل نہیں کر سکے جس کی وجہ سے ہمیشہ سے موجودہ ٹیکس دہندگان پر ہی اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جاتا رہا ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نئے چیئرمین ایف بی آر کے پورے نظام میں مثبت اور قابل عمل تبدیلیاں لائیں گے تاکہ متحرک، فعال اور قابل عمل ٹیکس نظام کے ذریعے ملکی مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :