اسلام آباد چیمبر کا ای کامرس کے موضوع پر ویبینارکا اہتمام

منگل 7 جولائی 2020 18:29

اسلام آباد چیمبر کا ای کامرس کے موضوع پر ویبینارکا اہتمام
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے ای کامرس کے موضوع پر ایک ویبینارکا اہتمام کیا جس کا مقصد بزنس کمیونٹی کو ای کامرس کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔ آئی سی سی آئی نے ای کامرس سے متعلقہ دیگر موضوعات پر بھی ویبینارز کی ایک سیریز منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور یہ اس سیریز کا پہلا ویبینار تھا۔

سیریز کے دیگر ویبینارز میں ای مارکس مارکیٹوں، ای کامرس کی کامیاب سٹوریز، لاجسٹک اور آن لائن ادائیگیوں کے بارے میں بزنس کمیونٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ ای کامرس کے ماہر بدر خوشنود نے شرکاء کو کاروبار کو فروغ دینے کے لئے ای کامرس کی صلاحیت کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے شرکاء کو ای کامرس کے عالمی رجحانات اور پاکستان میں ای کامرس کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے شرکاء کو حکومت کی جانب ای کامرس کو ترقی دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے ایس ایم ایز پر زور دیا کہ وہ اپنے بزنس پراسسز کی ری انجینئرنگ کر کے ای کامرس سے بہتر استفادہ حاصل کر سکتے ہیں اور اپنے کاروبار کو تیزی سے فروغ دے سکتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ویمن انٹرپرینیورشپ ذیلی کمیٹی کی کنوینر آمنہ ملک نے ویبینار میں ماڈریٹر کا کردار ادا کیا۔

ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ ای کامرس اب اربوں ڈالر کا کاروبار ہے حکومت ملک میں ای کامرس کو فروغ دینے کیلئے مزید سازگار پالیسیاں بنائے تا کہ پاکستان ڈیجیٹل اکانومی کی طرف مثبت پیش رفت کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کیلئے ای کامرس اپنا کر اپنے کاروبار کو علاقائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں وہ ان سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے ممالک میں ایس ایم ایز ای کامرس پلیٹ فارم کو اپنا کر تیز رفتار ترقی حاصل کر رہی ہیں لہذا پاکستان میں بھی ایس ایم ایز کو پائیدار ترقی حاصل کرنے کیلئے ای کامرس کی طرف زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس کو اپنانے سے ایس ایم ایز کو بہت سارے فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ اس سے ان کے لئے کاروبار کی لاگت کم ہو گی اور انہیں عالمی منڈیوں تک آسان رسائی حاصل ہو گی۔

محمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان میں ایس ایم ایز مختلف تجارتی اور پیداواری مقاصد کے لئے انٹرنیٹ استعمال کر رہی ہیں لیکن ابھی تک ان کو ای کامرس کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے کے فوائد کا بہتر ادراک نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کاروباری اداروں میں ای کامرس کی صلاحیت کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کی جائے تا کہ وہ اس سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی لئے چیمبر نے ای کامرس ویبینا ر کی سیریز منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تا کہ ایس ایم ایز کو ای کامرس کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج کل کروناوائرس کی وجہ سے لوگ مارکیٹوں میں جانے سے کتراتے ہیں ان حالات میں تاجر برادری کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ ای کامرس کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ای کامرس کے بارے میں ویبینار کے انعقاد سے تاجر برادری کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع کے بارے میں آگاہی حاصل ہو گی۔