فیصل آباد،سینئر پولیس افسر نے اپنے چہیتے انسپکٹر کی تعیناتی کے لئے آئی جی پنجاب پولیس کو ’’گیڑا‘‘ دیدیا

منگل 7 جولائی 2020 21:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2020ء) سینئر پولیس افسر نے اپنے چہیتے انسپکٹر کی تعیناتی کے لئے آئی جی پنجاب پولیس کو ’’گیڑا‘‘ دیدیا۔ مذکورہ انسپکٹر محسن منیر بسرا کے ایس ایچ او مدینہ ٹائون تعیناتی کے احکامات کو ’’زبانی ‘‘حد تک محدود کر دیاجبکہ آئی جی پنجاب کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں مذکورہ انسپکٹر معطل ہے۔

واضح رہے کہ 27جون کی شام تھانہ پیپلز کالونی کے سامنے جڑانوالہ کے نواحی گائوں کے رہائشی حمزہ سرور کی قاتل ڈور سے ہلاکت پر آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر کے نوٹس لینے پر مذکورہ سینئر پولیس افسر نے تھانہ پیپلز کالونی کے ایس ایچ او انسپکٹر محسن منیر بسرا کو اس واقعہ ذمہ دار قرار دیتے ہوئے معطل کر دیا اور اس کی رپورٹ آئی جی پنجاب کو بھجوادی۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ انسپکٹر محسن منیر بسرا سینئر پولیس افسر کا ’’چہیتا‘‘ ہے اس وجہ سے اس واقعہ کے اگلے روز ہی اسے تھانہ مدینہ ٹائون کی ایس ایچ او شپ سونپ دی گئی مگر سینئر پولیس افسر نے کمال چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے تحریری آرڈر جاری نہیں کئے بلکہ ’’زبانی کلامی‘‘ طور پر اسے ایس ایچ او شپ سونپ دی۔ اس وقت سے معطل انسپکٹر محسن منیر بسرا ایس ایچ او مدینہ ٹائون کے فرائض سرانجام دے رہا ہے جبکہ پولیس ریکارڈ اور آئی جی پنجاب پولیس کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں وہ معطل ہے۔