حکومت کی نالائقیوں کے سبب لوگ کورونا وبا کو سازش سمجھ رہے ہیں،ایمل ولی خان

منگل 7 جولائی 2020 21:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ حکومت کی نالائقیوں کے سبب لوگ کورونا وبا کو سازش سمجھ رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران میرے بیان سے اگر غلط فہمی پیدا ہوئی تو شاید میں اپنا مدعا سمجھا نہیں پایا کہ لوگوں میں اب بھی یہ تاثر پایا جارہا ہے کہ کورونا وبا ایک سازش ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ ملک بھر اور بالخصوص دیہی علاقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ کورونا وبا ایک سازش ہے۔ لوگوں میں یہ تاثر بھی ہے کہ ہسپتالوں میں زہر کا ٹیکہ لگایا جاتا ہے جبکہ بین الاقوامی ادارے حکومت کو فی مریض کی ہلاکت پر 25لاکھ روپے دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مئی 2020ء کے دوران عدالت میں حکام خود یہ بتاچکے ہیں کہ ایک مریض پر 25لاکھ روپے تک کا خرچ آتا ہے اور انہی تاثرات کی وجہ سے لوگ کورونا کا ٹیسٹ نہیں کروارہے اور ہسپتال جانے سے کترارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کا علاج نہیں ہوپارہا، مرض تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ حکومتی اعداد و شمار مضحکہ خیز ہیں۔ حکومت نے سنجیدگی نہیں دکھائی تو افواہوں اور غلط تاثرات کا خاتمہ ممکن ہی نہیں۔ اے این پی روز اول سے کورونا کی صورتحال کی سنگینی کا ادراک رکھتی ہے، ہم لوگوں کو حفاظتی اقدامات کی تلقین کرتے چلے آرہے ہیں۔ ہمارے عوام، کارکنان اور رہنما اس وبا کے لپیٹ میں آئے، ہم نہ ہی اس وبا کو سازش سمجھتے ہیں اور نہ اس سے جڑی افواہوں پر یقین رکھتے ہیں۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم عوام کو بتاتے آ رہے ہیں کہ حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا رہے، آپس کے میل جول میں فاصلہ رکھیں اور عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ تفتان سے لے کر عید کی بدانتظامی تک پاکستان میں کورونا کے بے پناہ پھیلا ئو کی ذمہ دار صرف یہ نالائق حکومت ہے۔