امریکی ریاست ٹیکساس کی جیلیں کورونا وائرس کے نشانے پر

84 قیدیوں سمیت نو گارڈز ہلاک، ہلاک ہونے والے قیدیوں میں معمولی جرائم میں ملوث افراد بھی شامل تھے جن کی سزا کا دوروانیہ کم تھا، اور وہ جلد گھر جانے والے تھے

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 8 جولائی 2020 06:40

امریکی ریاست ٹیکساس کی جیلیں کورونا وائرس کے نشانے پر
آسٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی 2020ء) امریکی ریاست ٹیکساس کی جیلیں کورونا وائرس کے نشانے پر۔ 84 قیدیوں سمیت نو گارڈز ہلاک، ہلاک ہونے والے قیدیوں میں معمولی جرائم میں ملوث افراد بھی شامل تھے جن کی سزا کا دوروانیہ کم تھا، اور وہ جلد گھر جانے والے تھے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس اس وقت کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ٹیکساس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10 ہزار سے زائد کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ اب تک کی یومیہ تعداد میں ایک ریکارڈ اضافہ ہے۔ 
 
ہلاک ہونے والوں میں 84 قیدی جبکہ ریاست کی جیلوں میں کام کرنے والے عملے کے 10 افراد بھی مہلک وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ 
 
خبر ایجنسی نے بتایا کہ ایک رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کی جیلوں میں تقریباََ 9 ہزار 500 قیدی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ ریاست میں قیدیوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 31 ہزار ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکساس کی جیل میں کورونا کے باعث ہلاک ہونے والا 73 سالہ جیمز ایلن سمتھ نامی قیدی کچھ ماہ کی سزا کاٹنے کے لیے جیل میں آیا تھا جس کو وائرس نے اپنا شکار بنا لیا اور وہ باہر نہ جا سکا۔ واضح رہے کہ ٹیکساس میں اب تک مجموعی طور 2 ہزار 715 کورونا زدہ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جوکہ امریکہ کی دوسری بڑی ریاستوں کی نسبت مجموعی طور پر اموات کی کم تعداد ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں اب تک کورونا وائرس سے 2 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔