برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر عالمی ادارہ صحت کا رد عمل

جائر بولسونارو کے لیے نیک خواہشات کا پیغام، یہ انفیکشن دوسروں کے لیے ایک مثال ہونی چاہیے۔ ڈاکٹر مائیک ریان

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 8 جولائی 2020 07:58

برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر عالمی ادارہ صحت کا رد عمل
جنیوا (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی 2020ء) برازیل کے صدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر عالمی ادارہ صحت کا رد عمل۔ جائر بولسونارو کے لیے نیک خواہشات کا پیغام، یہ انفیکشن دوسروں کے لیے ایک مثال ہونی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیک ریان کا کہنا ہے کہ برازیلین صدر بولسونارو کی انفیکشن سے پتا چلتا ہے کہ کورونا کی وباء سے ہم سب غیر محفوظ ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر مائیک ریان کا برازیلین صدر جائر بولسونارو کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا کی یہ انفیکشن دوسروں کے لیے ایک مثال ہونی چاہیے۔ انہوں نے صدر بولسونارو کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ ان کا وائرس میں مبتلا ہونا ایک پیغام ہے کہ ہم سب سے وائرس سے غیر محفوظ ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ برازیلین صدر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق صدر جائر بولسونارو نے بتایا ہے کہ وہ بالکل نارمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تو یہاں چل کر آنا چاہتے تھے مگر ڈاکٹروں کی تجویز کی وجہ سے وہ گھر پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ میرا ایکس رے بھی کیا گیا ہے جس کی رپورٹ کے مطابق میرے پھیپھڑے بالکل صاف ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ انہیں جسم میں درد اور بخار محسوس ہو رہا ہے جس کی وجہ سے وہ کورونا ٹیسٹ کرانے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ کے بعد برازیل دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا ملک ہے۔ برازیل میں اب تک 16 لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں اور گزشتہ روز مزید 656 افراد ہلاک ہو گئے جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 65 ہزارسے بڑھ گئی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کے روز تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں وائرس کے 20229 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 1626071 ہو گئی۔

برازیل میں اب تک کورونا سے 65556 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 488286 ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ مغربی یورپ اور بعض ایشیائی ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے لیکن امریکہ اور جنوبی امریکہ کے ممالک کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر کئی ملکوں میں یہ وائرس اب بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جبکہ برازیل دوسرے نمبر پر ہے۔ دنیا بھر میں اب تک کورونا سے 1 کروڑ 18 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 5 لاکھ 43 ہزار وائرس زدہ افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔