کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لیے اچھی خبر

ملک بھر میں اب تک کورونا کے شکار 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، ایکٹو کیسز کی تعداد 91 ہزار 602 رہ گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 8 جولائی 2020 10:13

کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لیے اچھی خبر
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 جولائی 2020ء) کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لیے اچھی خبر۔ ملک بھر میں اب تک کورونا کے شکار 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں، ایکٹو کیسز کی تعداد 91 ہزار 602 رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ مریضوں کی تعداد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد سے کہیں کم ہوتی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار 1 لاکھ 40 ہزار 965 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ایکٹو کیسز کی تعداد مسلسل تنزلی کے ساتھ 90 ہزار کی سطح تک آ گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مہلک کورونا وائرس کے سبب 83 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار 922 ہو گئی ہے۔ ادارے نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں 2 ہزار 980 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 489 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 14 لاکھ 67 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔