کمشنر فیصل آباد کی ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مون سون کے دوران ڈینگی کی روک تھام کیلئے انسدادی و حفاظتی اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 8 جولائی 2020 12:56

کمشنر فیصل آباد کی ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مون سون کے دوران ڈینگی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) کمشنر فیصل آباد ڈویژن عشرت علی نے ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ میں مون سون کے دوران ڈینگی کی روک تھام کیلئے انسدادی و حفاظتی اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اس ضمن میں بھرپور ذمہ داری کامظاہرہ کرنے سمیت کسی بھی قسم کی غفلت ، کوتاہی ، لاپرواہی سے گریز کیاجائے نیز کہیں بھی بارشوں کا پانی کھڑا نہیں رہنا چاہیے لہٰذامتعلقہ حکام مختلف مقامات پرڈینگی لاروا کے خدشات کو بار بار چیک کریں۔

بدھ کے روزموجودہ موسم کے پیش نظر انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث موسمی درجہ حرارت میں کمی سے ڈینگی کی افزائش کا خطرہ موجود ہے لہٰذا انسداد ڈینگی انتظامات میں کوتاہی اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے تمام تر ذرائع کا یکسر خاتمہ ہونا اوراس سلسلے میں فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔

کمشنر نے کہاکہ حفاظتی وانسدادی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی آگہی مہم کا سلسلہ بھرپور انداز میںجاری رہنا چاہیے۔انہوں نے ٹائرشاپس،کباڑ خانوں،قبرستانوں اور ڈینگی لاروا کے دیگر ممکنہ مقامات کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ اور ڈینگی کے انسداد میں تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے چاروں اضلاع کے میٹرو پولیٹن، میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز،واسا،سالڈ ویصٹ مینجمنٹ کمپنی اور محکمہ صحت کے حکام سے بھی کہا کہ وہ انسداد ڈینگی سے متعلق محکمانہ کارکردگی کے بارے میں انہیں ہفتہ واررپورٹ بھی پیش کریں۔