امریکی پابندیوں سے نارڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن بارے ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوگا،جرمنی

بدھ 8 جولائی 2020 12:58

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) جرمنی نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں سے نارڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن بارے ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوگا، ڈنمارک کے نارڈ سٹریم 2 گیس پائپ لائن بارے حالیہ مثبت فیصلے سے اس منصوبے کی جلد تکمیل کا امکان بڑھ گیا ہے۔یہ بات جرمنی کے روس میں سفیر گیزا آندریاس وون گیئر نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں نارڈ سٹریم 2 منصوبے کے حوالے سے مثبت چیزیں سامنے آئی ہیں جن میں ڈنمارک کا گیس لائن پر کام جاری رکھنے کا اجازت نامہ بھی شامل ہے ، اس سے اس منصوبے کی تکمیل بارے امکانات مزید قوی ہوگئے ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گیس پائپ لائن کی تعمیر پر واشنگٹن کی پابندیوں سے جرمن حکام کا موقف تبدیل نہیں ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت گیس پائپ کی دو لائنیں تعمیر کی جائیں گی جن کے ذریعے روس سے جرمنی تک سالانہ 55 ارب مکعب میٹر گیس پمپ کی جاسکے گی، اس کا 93 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ روس میں یوروپی یونین کے سفیر مارکس ایڈرر نے کہا کہ یورپی یونین جائز کاروبار میں مصروف یورپی کمپنیوں پر عائد پابندیوں کے خلاف ہے۔